54

یوم جمہوریہ: عرش تا فرش سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات

پوری وادی میں زندگی درہم برہم ، ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب
سرینگر26جنوری//یو پی آئی //یوم جمہوریہ کے موقع پر پوری وادی فوجی چھاونی میں تبدیل، عرش سے لے کر فرش تک سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے تھے ، اہم عمارتوں پر شارپ شوٹرس کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ہائی ٹیک ڈرون کے ذریعے پورے شہر پر نگرانی کی گئی۔ اس بیچ وادی کے اطراف واکناف میں بدھ کے روز سیکورٹی فورسز کی بھاری تعیناتی کے بعد لوگوں نے گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دی۔خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق یوم جمہوریہ کے موقع پر پور ی وادی میں بھارتی سیکورٹی تعیناتی کے باعث معمولات زندگی ٹھپ ہوکررہ گئیں۔ نمائندے نے بتایا کہ شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ معلوم ہوا ہے کہ شہر سرینگر کے اکثر علاقوں میں بدھ کے روز حفاظتی انتظامات سخت کئے گئے تھے جس دوران گاڑیوں کے بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی ۔ نمائندے نے بتایا کہ درمیانی رات سے ہی شہر میں سیکورٹی فورسز کے اہلکار تعینات کئے گئے جو گاڑیوں کو لالچوک کی طرف جانے سے روک رہے تھے۔ نمائندے کا کہنا ہے کہ اگر چہ شہر میں اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی تاہم لوگوں کے چلنے پھرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں رہی۔ معلوم ہوا ہے کہ شہر سرینگر کے حساس علاقوں میں ہائی ٹیک ڈرون کے ذریعے لوگوں پر نگرانی کی جارہی تھی جبکہ شیر کشمیر اسٹیڈیم سرینگر کے ارد گرد علاقوں کو فورسز نے چار روز قبل ہی سیل کیا تھا ۔ نمائندے نے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر شہر میں شارپ شوٹرس کی بھی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی تاہم دن بھر کسی بھی جگہ سے ناخوشگوار واقع رونما ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ وادی کے اطراف و اکناف میں زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی تمام کاروباری سرگرمیاں ٹھپ سڑکوں پر صرف فورسز کی گاڑیاں دوڑتی نظر آرہی تھیں جبکہ پرائیویٹ اور مسافر بردار گاڑیوں کی کوئی نقل و حرکت دیکھنے کو نہیں ملی۔سرحدی ضلع کپوارہ سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ قصبہ سمیت دوسرے علاقوں میں بھی تمام کاروباری ادارے بند رہے اور لوگ زیادہ تر اپنے گھروں میں ہی بیٹھے رہے ۔بانڈی پورہ ،سوپور ،بارہمولہ ،گاندربل اور جنوبی کشمیر میں بھی ،کاروباری سرگرمیاں ٹھپ اور سڑکوں پر بھی گاڑیوں کی آمدرفت معطل رہی ۔سرینگر کے ڈاون ٹاون علاقوں میں پولیس و فورسز کی بھاری جمعیت کو تعینات کر دیا گیا تھا۔ بہوی کدل ،راجوری کدل ،کاوڈارہ ،صفاکدل ،گوجوارہ ،نوہٹہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں فورسز اور پولیس نے تمام گلی کوچوں کی ناکہ بند ی کر دی تھی جبکہ سیول لائنز میں سڑکوں پر کانٹے دار تار اور رکاوٹیں کھڑی کردی گئی تھی ۔سونہ سوار کرکٹ اسٹیڈیم اور اس کے گردنواح کو فورسز نے مکمل طور پر سیل کر دیا تھا اور لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی تھی ۔نمائندے کے مطابق کئی قصبوں میں نوجوانوں کی ٹولیاں سڑکوں پر دن بھر کرکٹ کھیل رہے تھے اور تمام جگہوں پر پولیس و فورسز گشت کرتے رہے ۔انتظامیہ کی طرف سے کسی بھی گڑ بڑ کو رونما نہ ہونے دینے کیلئے حفاظت کے سخت انتظام عمل میں لائے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں