اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کو ان کی پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں امریکی حکومت کی جانب سے اعلی ترین ملٹری ایوارڈ لیجن آف میرٹ سے نوازا گیا، جو کسی بھی غیر ملکی عسکری لیڈر کو دیا جاتا ہے۔
اس سلسلے میں ائیر ہیڈ کواٹرز میں ایک سادہ مگر پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں امریکی فضائیہ کے سربراہ کی جانب سے کمانڈر یو ایس ائیر فورس سنٹرل کمانڈ، لیفٹننٹ جنرل جیفری ایل ہیریجین نے یہ اعزاز پاک فضائیہ کے سربراہ کو دیا۔
اس تقریب میں امریکی فضائیہ کے چیف آف اسٹاف جنرل ڈیوڈ ایل گولڈ فین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
یہ اعزاز پاک فضائیہ کے سربراہ کو ان کی جراتمندانہ قیادت، دور اندیشی اور دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی جنگ میں غیر معمولی عزم و استقلال اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی کاوشوں کے اعتراف میں دیا گیا۔
یہ ایوارڈ امریکا کی جانب سے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین باہمی تعاون کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی اعتراف ہے۔
ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے امریکی فضائیہ کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ائیر چیف کے عزم اور پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی، جو خطے میں امن و استحکام کے قیام میں مدد گار ثابت ہوئے۔
امریکی فضائیہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ ذاتی طور پر ائیر چیف مارشل سہیل امان کی جانب سے کیے گئے اقدامات نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
بعد ازاں امریکی کمانڈر لیفٹننٹ جنرل جیفری ایل ہیریجین نے پاک فضائیہ کے سربراہ سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران ائیر چیف نے دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
