روزنامہ آفتاب کے بانی خواجہ ثناء اللہ بٹ کی 14 ویں برسی 0

روزنامہ آفتاب کے بانی خواجہ ثناء اللہ بٹ کی 14 ویں برسی

سماج کے مختلف طبقوں کی جانب سے شاندار خراج عقیدت

مرحوم نے ہمیشہ بھائی چارے، انسان دوستی اور اچھے اخلاق کو ترجیح دی/ کندن کشمیری

پلوامہ/ تنہا ایاز/ سرینگر سے شائع ہونے والے اردو روزنامہ آفتاب کے بانی مرحوم خواجہ ثناء اللہ بٹ جنہیں بابائے صحافت کے نام سے بھی جانا جاتا ہے کی14 ویں برسی پر سماج کے مختلف طبقوں نے یاد کر کے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا تفصیلات کے مطابق بابائے صحافت اردو روزنامہ آفتاب کے بانی خواجہ ثناء اللہ بٹ کی 14 ویں برسی آج یعنی 25 نومبر کو منائی جارہی ہے۔وادی کے سرکردہ شاعروں، ادیبوں، قلمکاروں اور سماج کے دیگر طبقوں سے وابستہ افراد نے مرحوم کو اْن کی برسی پر یاد کیا اور ان کی صحافتی خدمات کو سراہا۔وادی کے نامور شاعر ادیب اور قلمکار عبدالرحمان فدا جو کہ نوو ادبی کاروان پلوامہ کے سرپرست اعلی بھی ہے نے مرحوم خواجہ ثناء اللہ بٹ کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں اردو صحافت کی داغ بیل سے متعلق اگر چہ متضاد رائیں سامنے آجاتی ہیں تاہم اردو صحافت کی بات کرتے ہوئے وادی سے تعلق رکھنے والے دو ممتاز اور سپوت صحافیوں صوفی غلام محمد اور خواجہ ثنا اللہ بٹ کا نام لینا ازخود ضروری ہے۔عبدالرحمان فدا نے کہا کہ مرحوم خواجہ ثناء اللہ بٹ ایک بے باک اور نڈر صحافی تھے اور اپنی بے باکی اور صداقت پسندی کی وجہ سے انہوں نے ہر کشمیری کے دل میں اپنی جگہ بنالی تھی اور کشمیر کا ایک ایک فرد بلا لحاظ و ملت ان کو عزت کی نگاہوں سے دیکھتا تھا اس دوران ڈسڑکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کے سابقہ پریذیڈنٹ غلام رسول مشکور نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بٹ صاحب نے اپنے اخبار کے ذریعے لوگوں کے مسائل سرکار تک پہنچانے میں جو خدمات انجام دئے ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ادھر دہلی میں کشمیری پنڈت کانفرنس کے چیرمین کندن کشمیری نے بابائے صحافت مرحوم خواجہ ثناء اللہ بٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ بھائی چارے انسان دوستی اور اچھے اخلاق کو ترجیح دی۔جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم کے سربراہ فیاض اندرابی نے آفتاب کے بانی خواجہ ثناء اللہ بٹ کو اْن کی 14 ویں برسی پر یاد کرکے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنے قلم سے کشمیری قوم کی بے لوث خدمت کی ہیجس کے لئے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ اس دوران ندائے کشمیر کے چیف ایڈیٹر معراج الدین فراز نے مرحوم کو صحافت کا ستارہ قرار دیتے ہوئے مرحوم کے حق میں مغفرت کی دعا کی۔ سابقہ جنرل سکریٹری ڈسڑکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ جلال الدین دلنواز نے کہا کہ مرحوم نے اپنے قلم کے ذریعے جموں کشمیر کی تعمیر و ترقی عوامی مسائل کو ارباب اقتدار تک پہنچانے میں جو رول ادا کیا ہے اس کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔نمائندے تنہا ایاز کے مطابق اردو روزنامہ آفتاب کے بانی خواجہ ثناء اللہ بٹ کی 14ویں برسی پر وادی کی کئی ادبی تنظیموں جن میں خاض کر نوو ادبی کاروان پلوامہ، مراز ادبی سنگم اور رومش ادبی کلچرل فورم پلوامہ سمیت وادی کشمیر کے صحافتی حلقوں نے مرحوم کی صحافتی خدمات کو یاد کر کے شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں