نئی دہلی// صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے آج آیور ویدا ، یوگا اور نیچرو پیتھی اور یونانی مرکزی وزیر شری پد نائیک کے ساتھ میٹنگ منعقد کی اور آیور سے متعلق مختلف تجاویز پر غور و خوض کیا ۔ بالی بھگت نے مرکزی وزیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ریاست میں دو گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالج اور کشتواڑ اور کپواڑہ میں 50 بستروں والے آیوش ہسپتالوں کی منظوری دی ۔ وزیر نے شری پدنائیک کو گورنمنٹ یونانی میڈیکل ہسپتالوں کا افتتاح کرنے کیلئے دعوت دی ۔ وزیر موصوف نے مرکزی وزیر کے ساتھ باغبانی شعبے کے ذریعے میڈیسنل پودے اُگانے کی ایک تجویز پیش کی ۔ انہوں نے مرکزی وزیر سے کہا کہ ریاستی حکومت نے 100 بستروں والے نیچرو پیتھی اور یوگا ہسپتال عمارت کی تعمیر کے سلسلے میں سنٹرل یونیورسٹی میں اراضی کی نشاندہی کی ہے ۔ وزیر نے بھدرواہ میں نیشنل انسٹی چیوٹ فار ہربل میڈیسن قایم کرنے کی تجویز بھی پیش کی ۔ بالی بھگت نے جموں اور کشمیر کے دونوں صوبوں میں 50 بستروں والے 6 ضلع آیوش ہسپتال قایم کرنے کی بھی اجازت طلب کی ۔ وزیر موصوف نے وادی کشمیر میں ستمبر ، اکتوبر مہینے میں بین الاقوامی اروگیا ہیلتھ میلہ و نمایش منعقد کرنے کی بھی اجازت طلب کی ۔ مرکزی وزیر نے بالی بھگت سے کہا کہ وہ اُن تمام پروجیکٹوں کے ڈی پی آر بھیج دیں جس کی وہ منظوری طلب کرتے ہیں ۔ مرکزی وزیر نے تمام تجاویز کو منظوری دینے پر اتفاق کیا اور بالی بھگت کو یقین دلایا کہ انہیں مرکزی حکومت سے تمام طرح کا تعاون فراہم ہو گا ۔
105
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
