سرینگر// جماعت اسلامی جموںوکشمیر وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں کے قتل عام پر اپنی گہری تشویش اور فکر مندی کااظہار کرتے ہوئے اقوام عالم پر زور دیتی ہے کہ وہ اس نازک اور تشویشناک صورتحال کا سنجیدہ اور بروقت نوٹس لے کر اپنے سیاسی اثر و رسوخ کو استعمال کرکے بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل پر آمادہ کریں۔ بیان کے مطابق کشمیر میں پچھلی سات دہائیوں سے عوام اپنے حق کی بازیابی کا پُرامن طور پر مطالبہ کررہے ہیں جس کا وعدہ بھارت نے اقوام متحدہ کے سامنے کیا ہوا ہے۔ جموںو کشمیرکے عوام کا یہ بنیادی حق ہے کہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔مسئلہ کشمیر کے تینوں فریق یعنی کشمیری عوام، پاکستان اور بھارت کو چاہیے کہ وہ اس دیرینہ تنازعہ کو کشمیری عوام کی خواہشات کے عین مطابق مل بیٹھ کر حل کریں اور ایسا کوئی بھی حل جو کشمیری عوام کی خواہشات کا ترجمان نہ ہو‘ ایک فضول اور لاحاصل مشق کے علاوہ خطہ میں مزید غیر یقینی صورتحال کا مؤجب بن سکتا ہے۔ اس دیرینہ تنازعہ کے حل طلب رہنے سے نہ صرف کشمیری عوام غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے بلکہ پورے برصغیر کا امن بھی مسئلہ کشمیر کے حل طلب رہنے سے دائو پر لگا ہوا ہے۔ کشمیری عوام بھارتی فورسز کی جانب سے سخت اذیت ناک مراحل سے دوچار ہیں جس کی وجہ سے اب تک لاکھوں لوگوں کو جاں بحق، ہزاروں کو عمر بھر کے لیے مضروب اور جیل کی کال کوٹھریوں کی نظر کردیا گیا جبکہ ہزاروں کی تعداد میں ایسے نوجوان اور بزرگ بھی شامل ہیں جنہیں دوران حراست ہی لاپتہ کردیا گیا۔ بھارتی فوجیوں کی بربریت نے یہاںہزاروں ایسے نوجوانوں اور لیڈران کو جو اپنے پیدائشی اور بنیادی حق کا مطالبہ کررہے ہیں کو مختلف جیلوں، پولیس تھانوں اور انٹراگیشن سنٹروں کی زینت بناکے رکھ دیا ہے اور اس طرح بھارت اپنی فورسز کے ذریعے کشمیریوں کا قتل عام کرواکے حقیقی آواز کو دبانے کی ہرممکن کوشش کررہا ہے۔ جماعت اسلامی جموںوکشمیر بھارتی فورسز کی بربریت اور یہاں جاری نوجوانوں کی نسل کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ جماعت اُن تمام شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی عزیز جانوں کو اس مبنی بر حقیقت کاز کی خاطر نچھاور کیا ہے۔ نیز اُن تمام خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے جنہوں نے اپنے پیاروں اور لاڈلوں کو اس راہ میں قربان کردیا۔
121
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
