نمازِ ظہر ادا کی اور موئے پاک آنحضورؐ کے دیدار کا فیض بھی حاصل کیا
سرینگر/19اکتوبر/عید میلاد النبیؐ کے مقدس موقعے پر صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج درگاہ حضرت بل میں حاضری دی اور نمازِ ظہر بھی ادا کی۔انہوں نے وہاں عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقائ، جموں وکشمیر میں مکمل امن و امان ، لوگوں کی خوشحالی ، کشمیری قوم مصائب ، مشکلات اور مظالم سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات پانے کیلئے دعا کی۔سی این آئی کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ لوگوں سے بھی ملاقی ہوئے اور عام شہریوں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عالم اسلام کو درپیش چیلنجوں سے نجات پانے کیلئے اللہ کے دربار میں سربسجود ہوکر ان آزمائشوں سے نجات کیلئے دعائیں مانگیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مسرت کا اظہار کرتے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے درگاہ حضرت بل کی رونقیں واپس لوٹ آئیں ہیں لیکن ہمیں ابھی بھی کورونا وائرس سے بچائو کے احتیاطی تدابیر پر من و عن عمل پیرا رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن مقدس ہے، آج ہی کے دن نبی آخرزماں محمد مصطفیٰ ؐ کا تولد باسعادت ہوا اور اللہ تبارک و تعالیٰ کی رحمت پوری کائینات پر نازل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مقدس ایام کے دوران اللہ اپنے نیک اور بے لوث بندوں کی دعائیں قبول فرماتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ درگاہ ہمارے ملی سرمایہ اور اسلامی تہذیب و تمدن کا گہوارہا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان درباروں پر بھی اپنے بندوں کی دعائیں قبول کرتا ہے
