102

سرینگر کی تاریخی جامع مسجدنماز جمعہ کی اجازت نہیں

متعددخواتین مسجدکے باہرسربسجود
مسلمانوں کونماز پڑھنے سے روکنا انتہائی بدقسمتی : انجمن اوقاف
سری نگر:۱۵،اکتوبر:جے کے این ایس : انجمن اوقاف جامع مسجد نے کہا ہے کہ حکام نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی اجازت نہیں دی۔جے کے این ایس کے مطابق انجمن اوقاف جامع مسجد کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکام نے آج جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی اجازت نہیں دی۔بیان کے مطابق پورے علاقے میں صبح سے پولیس و فورسز کی بھاری تعیناتی کی گئی،اور اوقاف ملازمین نے تاریخی جامع مسجد کے دروازے کھولے تو پولیس اہلکاروں نے اُنہیں تمام دروازے بند کرنے پر مجبور کر دیا اور نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے مسجد کے اندر کسی بھی نمازی کی اجازت نہیں تھی۔ انجمن وقاف کے ترجمان نے کہا کہ مسلمانوں کو جامع مسجد میں نماز جمعہ پڑھنے سے روکنے کیلئے حکام کی جانب سے کووڈ19 وبائی مرض کا پہلا بہانہ آج مکمل طور پر بے نقاب ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں سمیت نمازیوں کے ایک بڑے گروپ نے جو مسجد کے باہر جمع ہوئے تھے اور اس’آمرانہ اقدام‘کا شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ انہیں نماز کیلئے مسجد کے اندر جانے کی اجازت دی جائے ، لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔انجمن نے اس ہفتے کے شروع میں کہا تھا کہ ربیع الاول کے مبارک مہینے اور کووڈ19 کے معاملات میں کمی کے پیش نظر جمعہ کی نماز مسجد میں ادا کی جائے گی۔بیان کے مطابق وادی کے مسلمانوں کو طاقت کے استعمال سے مرکزی مسجد میں نماز پڑھنے سے روکنا اور اُنہیں تکلیف اور غم پہنچانا انتہائی بدقسمتی اور ناپسندیدہ ہے۔بیان کے مطابق وادی کے مسلمان اس ناانصافی اور مذہبی آزادی میں مداخلت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں