سرینگر/13اکتوبر؍وادی کشمیر میںحالیہ دنوں کے دوران پیش آئی شہری ہلاکتوں سے پیدا شدہ صورتحال کے بیچ قومی تحقیقاتی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کلدیپ سنگھ بدھ کو اچانک سرینگر کے دورے پر پہنچے جس دوران انہوں نے انٹلی جنس اورسیکورٹی کے سینئر افسران کے ساتھ وادی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔اس دوران این آئی اے نے بدھ کو یونین ٹریٹری کے16مختلف مقامات پر چھاپے ڈالے جس دوران ملی ٹینسی کے ساتھ وابستہ ہونے کے شبہ میں4افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ایس این ایس کے مطابق قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کلدیپ سنگھ جو سی آر پی ایف کے بھی ڈائریکٹر جنرل بھی ہیں،بدھ کو اچانک سرینگر کے دورے پر پہنچ گئے ۔ذرائع کے مطابق سرینگر پہنچتے ہی موصوف نے سیکورٹی اور انٹلی جنس ایجنسیوں کے سینئر حکام کے ساتھ میٹنگ کی اور وادی کی تازہ ترین سیکورٹی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ ان کا یہ اچانک دورہ وادی میں حالیہ شہری ہلاکتوں کے پس منظر میںہورہا ہے جن میں ایک غیر ریاستی مزدور،ایک کشمیری پنڈت،ایک سکھ خاتون پرنسپل اور جموں سے تعلق رکھنے والے استاد کے علاوہ کئی مقامی شہری مارے گئے۔ایس این ایس ذرائع کے مطابق این آئی اے سربراہ نے ملی ٹینسی کی واردات اور ان کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی اور اس حوالے سے مختلف ایجنسیوں کے درمیان تال میل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اس دوران این آئی ا ے نے بدھ کو بھی جموں کشمیر کے16مختلف مقامات پر چھاپے ڈالے جس دوران ملی ٹینسی کے ساتھ وابستہ ہونے کے شبہ میں 4افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن کی شناخت وسیم احمد صوفی،طارق احمد ڈار،بلال احمد میر عرف بلال ففو اور طارق احمد بافندہ کے طور ہوئی ہے جو سرینگر،پلوامہ اور شوپیاں کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔این آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار کئے گئے چاروں افراد جنگجو کے سہولیت کاروں کے طور کام کرتے تھے اور ان تک ہتھیار اور جنگجوئیانہ سرگرمیاں انجام دینے کے لئے ہتھیار وغیرہ پہنچاتے تھے۔
134
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
