فاضل میموریل کمیٹی سرینگر کی طرف سے ادبی تقریب کا انعقاد 71

فاضل میموریل کمیٹی سرینگر کی طرف سے ادبی تقریب کا انعقاد

تقریب پرسہ ماہی رسالہ ’’ گُلنار‘‘ کی رونمائی

سرینگر//رپورٹ جمیل انصاری/ سرینگر/ فاضل میموریل کمیٹی سرینگر کے اہتمام سے آج ہوٹل شہنشاہ پیلس بلیوارڈ سرینگر میں ایک مختصر لیکن پُررونق ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت قدآور ادیب، شاعر اور سابق سربراہ دُورشن کیندر سرینگر جناب فاروق نازکی نے کی، جبکہ اردو زبان کے معروف قلمکار جناب وحشی سعید، فاضل کشمیری کے فرزند اور فاضل میموریل کمیٹی کے سرپرست سید ذیشان فاضل بھی ایوانِ صدارت میں تشریف فرما تھے۔ تقریب پر فاضل میموریل کمیٹی کا سہ ماہی رسالہ ’’ گُلنار‘‘ کے پانچوں شمارے کی رونمائی کی گئی۔ پروگرام کے آغاز میں سابق سربراہ آل انڈیا ریڈیو اور معروف براڈکاسٹر بشیرعارف نے مہمانوں اور شرکاء کا پُرتپاک استقبال کیا اور ادبی تقریب کے حوالے سے اپنی بات سامنے رکھی۔ تقریب پر جن ادبی، ثقافتی اور صحافتی شخصیات نے تقریب اور رسالے کے حوالے سے اپنے تاثرات بیان کئے اُن میں معروف کارٹو نسٹ بشیر احمد بشیر، شبیر مجاہد،وحشی سعید، پروفیسر فاروق فیاض، عبدالرشید شہباز، شوکت فاروق، عیاش عارف، زاہد منظور، ڈاکٹر عبدالجبار اور جمیل انصاری قابلِ ذکر ہیں۔اپنے صدارتی خطبے میں جناب فاروق نازکی نے تقریب کے انعقاد پر فاضل میموریل کمیٹی خصوصن سید ذیشان فاضل کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاضل کشمیری کی کشمیری زبان و ادب کے تئیں خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ فاضل کشمیری کی مشہور نظم ’’ کرالہ کوٗر￿‘‘ ایک ایسا شہکار ہے جس سے فاضل کشمیری کو کھیتوں میں کام کرنے والے عام کشمیریوں میں ایک پہچان ملی ۔ انہوں نے کہا کہ فاضل صاحب کا نعتیہ کلام ،اُن کو تاقیامت زندہ رکھے گا جو آج بھی مختلف مساجد ، خانقاہوں اور درگاہوں میں پڑھے جاتے ہیں۔تقریب کی نظامت کے فرائض بشیر عارف نے انجام دئے جبکہ سید ذیشان فاضل نے نام بہ نام شرکاء محفل اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کووِڈ19کو مدِنظر رکھ کر تقریب پر قلیل تعدا میں شرکاء کو مدعو کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں