ٹریکٹر نالے میں گرنے سے بانڈی پورہ میں کم عمر لڑکی سمیت دو افراد ہلاک
سرینگر/29اگست/بانڈی پورہ میں اتوار کے روز ایک ٹریکٹر ایک نالے میں جاگرا جس کے نتیجے میں ٹریکٹر پر سوار ایک کم عمر لڑکی اور ایک شخص لقمہ اجل بن گئے ہیں ۔ ادھر بڈگام میں تیز رفتار ٹرین نے سی آر پی ایف کے اہلکار کو کچل کر ہلاک کردیا ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں ایک ٹریکٹر پر سوار تین افراد جن میں ایک 8سال کی لڑکی بھی تھی اپنے کھیت کی طرف جارہے تھے جس دوران ٹریکٹر کا ڈرائیور ٹریکٹر پر قابو نہیں پاسکا اور یہ نالے میں جاگرا جس کے نتیجے میں ٹریکٹر پر سوار شدید زخمی ہوئے جن کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال بانڈی پورہ پہنچایا گیا جہاں پر 18سالہ زبیر احمد ولد فاروق احمد ڈار اور تبسم جان عمر 8برس دختر غلام محمد گنائی کو ہسپتال پہنچانے پر ڈاکٹروں نے مردہ قراردیا ۔ ذرائع کے مطابق ان میں سے رفیق رشید ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرلیا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ بڈگام کے ہمہامہ پُل کے نزدیک 35بٹالین سی آر پی ایف سے وابستہ محمد اسماعیل میر ساکن بانڈی پورہ جو کہ ریلوے برج پر تعینات تھا کو ٹرین نے زور دار ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں فورسز اہلکار شدید زخمی ہوا جس کو فوری طور پر صدر ہسپتال پہنچایا گا جہاں ڈاکٹروںنے اسے مردہ قراردیا ۔
