صحافت عوام اور انتظامیہ کے درمیان ایک مضبوط پل /مقررین
پلوامہ/ ندائے کشمیر/تنہا ایاز/ 3اپریل/
جمہوریت میں صحافت کو چوتھے ستون کا درجہ حاصل ہے یہ ستون عوام اور انتظامیہ کے درمیان ایک اہم رابطے کا رول ادا کرتا ہے اس پیشے سے وابستہ افراد کو اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دینے چائیے تاکہ ایک صحت مند معاشرے کی تعمیر کو یقینی بنایا جا سکے ان خیالات کا اظہار مقررین نے پلوامہ میں ورلڈ پریس ڈے کی تقریب پر کیا۔ندائے کشمیر کے نمایندے کے مطابق یوم صحافت کے عالمی دن پر پلوامہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام کامران ہیلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ ویلفیئر سوسائٹی نے نیوز پورٹل کشمیر پلس اور جرنلسٹ گلڈ آف پلوامہ کے اشتراک سے کیا تھا۔تقریب میں نامور ماہر تعلیم غلام حسن طالب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ٹریڈرس فیڈریشن پلوامہ نائب صدر فیاض احمد ،کامران ہیلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے سربراہ کامران خورشید ندائے کشمیر کے مدیر اعلی معراج الدین فراز اور ہفتہ روزہ سرینگر رپورٹر کے چیف ایڈیٹر عبدل روف خان کے علاوہ ٹریڈرس فیڈریشن کے کئی ممبران موجود تھے۔تقریب کے آغاز میں کامران خورشید نے خطبہ استقبالیہ پیش کرکے مہمانوں کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماہر تعلیم غلام حسن طالب نے کہا کہ سماج میں ایک صحافی کا مقام کافی اونچا ہے مگر بدقسمتی سے اس پیشے سے وابستہ افراد اپنے پیشے کو اور اپنے فرائض کو صحیح طریقے سے سمجھنے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں۔ٹریڈرس فیڈریشن کے نائب صدر فیاض احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافت عوام اور انتظامیہ کے درمیان ایک پل کا کام کرتا ہے لہذا اس پیشے سے وابستہ افراد کو اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دینے چاہیے۔سماجی کارکن محمد الطاف بٹ نے میڈیا سے وابستہ افراد کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے پر کامران ہیلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ ویلفیئر سوسائٹی کی ستائش کی۔ ندائے کشمیر کے مدیر اعلی معراج الدین فراز نے یوم صحافت کے عالمی دن کے موقع پر جموں و کشمیر کے تمام صحافیوں کو مبارک باد پیش کی۔انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے کہ پلوامہ کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا آج ایک ہی بینر تلے جمع ہوئے ہیں اور جوش و خروش کے ساتھ پریس ڈے منایا۔تقریب کے دوران پہلگام دہشت گردانہ حملے کی مذمت اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب سے پریس گلڈ پلوامہ کے پریزیڈنٹ جاوید صوفی ،ہفتہ روزہ شہر بین کے مدیر اعلی شکیل آزاد اور مشعل ٹائمز کے ایڈیٹر شبنم فیاض نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر کامران ہیلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ افراد جن میں آصف گنائی کشمیر پلس ،عاشق حسین اے این آئی ،غازی خورشید پبلک فسٹ نیوز چینل،منجیت پال ندائے کشمیر،عبدل روف خان ایڈیٹر سرینگر رپورٹر،مشتاق الاسلام کشمیر عظمی،اختر عباس ،شبنم فیاض ایڈیٹر مشال ٹائمز ،جاوید صوفی رائزنگ کشمیر ،ریشی ارشاد دینک سویرا،زاہد چاٹ کشمیر پلس ،خان توصیف ویڈیو جرنلسٹ ،خورشید وانی سیرت کشمیر ،معراج الدین فراز چیف ایڈیٹر ندائے کشمیر و زمینداراور تنہا ایاز ندائے کشمیر بیورو چیف شامل ہیں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔تقریب کے انعقاد پر میڈیا سے وابستہ افراد نے کامران ہیلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ ویلفیئر سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا۔

