سرینگر/ یکم مئی/ شافیہ گلفام
عالمی یوم مزدور کے سلسلے میں وادی بھر میں تقریبات منعقد ہوئی۔ اس سلسلے میں سرینگر کے ٹائیگورہال میں بھی معروف براڈکاسٹر، ادیب،قلم کار اور شاعر عبدالاحد فرحاد کی صدارت میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب کا اہتمام جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ کلچرل اینڈ لینگویجز اور صوفی کلچرل سوسائٹی سرینگر نے باہمی اشتراک سے کیا تھا۔ تقریب میں سابقہ ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر اور سماجی کارکن فاروق رینزو شاہ خاص مہمان کی حیثیت سے شریک ہوئے جبکہ معروف براڈکاسٹر اور آل انڈیا ریڈیو سرینگر کے سابقہ سربراہ سید ہمایوں قیصر اور ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر وجاہت حسین درانی تقریب میں مہمان زی وقار کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ کلچرل اکیڈمی کے ایڈیشنل سیکریٹری عدیل سلیم اور ظہور احمد نے تقریب میں بحیثیت میزبان شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہو جس کی سعادت فاروق ابن گلدون کو حاصل ہوئی۔ کلچرل اکیڈمی کے ایڈیشنل سیکریٹری عدیل سلیم نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے عالمی یوم مزدور پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ تقریب میں مقررین نے عالمی یوم مزدور اور مزدور کی اہمیت اور افادیت کو بیان کرتے ہوئے دنیا بھر کے مزدوروں کو درپیش مسائل اجاگر کئے۔ تقریب کے اختتام پر ایک مشاعرے کا بھی اہتمام ہوا جس میں وادی کے کئی ممتاز شعراء نے مزدوروں کی حالات زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اپنی شاعری میں درج کرکے شاعرانہ انداز میں بیان کیا۔ مشاعرے میں جن شعراء نے شرکت کی ان میں معروف صحافی، ادیب، قلم کار اور شاعر راہل رشید، منظور دمدار، میر ظہور،انجنیئر شبنم بشیر، شاہ کمار،فقیر سلطان ناگو، عبدالمجید بٹ، فقیر محمد عبداللہ اور معروف صحافی ناظم نظیر قابل ذکر ہیں۔ تقریب میں کئی ممتاز ادیب،دانشور اور قلم کار شریک ہوئے جن میں دلدار اشرف شاہ،عبدالرشید وڈو ‘مجروح’جان محمد، گلفام بارجی اور کلچرل اکیڈمی کے سید افتخار وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ تقریب کی نظامت کلچرل اکیڈمی کے انچارج آفیسر ڈاکٹر شبنم رفیق نے انجام دی۔
