سماج کے مختلف طبقوں نے مرحوم کی صحافتی خدمات کو یاد کرکے شاندار خراج پیش کیا
ندائے کشمیر /تنہا ایاز/
پلوامہ/ وادی کشمیر کے ممتاز صحافی اور روزنامہ روشنی کے بانی مرحوم عزیز کشمیری کی 15 ویں برسی پر مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ افراد نے مرحوم کی صحافتی خدمات کو یاد کرکے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ندائے کشمیر کو ملی تفصیلات کے مطابق روز نامہ روشنی کے بانی مرحوم عزیز کشمیری کی برسی آج منائی جارہی ہے۔مرحوم کی 15 ویں برسی پر صحافیوں، شاعروں، ادیبوں، اور قلمکاروں کے علاوہ سماج کے مختلف طبقوں نے مرحوم کی صحافتی خدمات کو یاد کیا۔ندائے کشمیر کے مدیر اعلی معراج الدین فراز نے وادی کے نامور صحافی، قلمکار اور روشنی کے بانی مرحوم عزیز کشمیری کو انکی برسی پر شاندار خراج پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے جس قدر اپنی صحافتی خدمات انجام دی ہیں اسے کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔اس دوران جموں و کشمیر سوشل ورکرس کمیٹی کے چیرمین غمگین مجید ناربلی نے روزنامہ روشنی کے بانی مرحوم عزیز کشمیری کو انکی برسی پر یاد کرکے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ اپنا قلم دیانتداری اور ایمانداری کے ساتھ استمعال کرکے لوگوں کے مسائل مسائل ابھارے۔ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کے جنرل سیکرٹری غلام محمد دلشاد نے مرحوم کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ عزیز کشمیری ایک اعلی پایہ کے صحافی اور قلمکار تھے جنہیں کبھی بھی بلایا نہیں جاسکتا ہے۔وادی کے ایک اور نامور صحافی نے روز نامہ روشنی کے بانی کو 15 ویں برسی پر یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم صحافت کے میدان میں اول درجے کے صحافیوں میں شمار ہوتے تھے اور ان کی زندگی بالکل سادگی کے ساتھ گزری ہے۔ کئی صحافتی اور ادبی تنظیموں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے مرحوم کو ان کی برسی پر یاد کر کے شاندار خراج عقیدت ادا کیا۔نمائندے تنہا ایاز کے مطابق روزنامہ روشنی کے بانی مرحوم عزیز کشمیری نے 19 سال کی عمر میں بطور صحافی اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔کیریئر کے آغاز میں وہ کئی ہفتہ روزہ اخباروں کے ساتھ ایک ذمہ دارانہ حیثیت سے کام کرتے رہے۔عزیز کاشمیری ایک قابل، ایماندار، محنت کش اور نڈر صحافی تھے۔بعد میں عزیز کشمیری نے اپنا اخبار ”روشنی”کی اشاعت کا آغاز 15 فروری 1943 میں کیا۔مرحوم نے صحافت کو ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مشن سمجھا اور ساری زندگی انتہائی دیانتداری خوداری، بہادری اور بے پناہ محنت کے ساتھ اس مشن کو جاری رکھا۔مرحوم 27 اپریل 2010 کو انتقال کرگئے۔آج روزنامہ روشنی کے بانی مرحوم عزیز کشمیری کی 15 ویں برسی منائی جارہی ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس عطا کرے۔آمین

