پلوامہ ٹی بی سے پاک قرار دئیے جانے کے باوجود بھی بچاؤ کی آگاہی جاری ہے/ چیف میڈیکل افسر
تنہا ایاز/این کے
پلوامہ/ ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر پوری دنیا کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر یو ٹی میں بھی اس دن کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ جس دوران لوگوں کو اس بیماری کے متعلق جانکاری فراہم کی گئی۔اس دوران چیف میڈیکل آفیسر پلوامہ ڈاکٹر تہمینہ جمیل نے ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ سال 2022 میں ضلع پلوامہ کو ٹی بی سے پاک قرار دیا گیا ہے اور اس کے باوجود بھی لوگوں کو ٹی بی سے بچاؤ کی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق سی ایم او پلوامہ ڈاکٹر تہمینہ جمیل نے ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ٹی بی لاعلاج مرض نہیں ہے ۔وقت پر اس کا علاج کیا جائے تو ٹی بی کو ہرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھوک کے ساتھ خون آنا،وزن کم ہوجانا،بھوک نہ لگنا دو ہفتوں سے زیادہ کھانسی اور بخار لگاتار رہنا اس بیماری کی علامات ہوسکتی ہیں۔ اگر کسی بھی شخص میں ایسی علامت پائی جائیں تو فوراً نزدیکی ہیلتھ سینٹر سے رابطہ قائم کرنا چاہیے۔انہوں کہا کہ سرکار نے اس بیماری میں مبتلا لوگوں کے لیے مفت ادویات دستیاب رکھی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سی ایم او پلوامہ نے کہا کہ پلوامہ کو ٹی بی سے پاک قرار دینے کے باوجود بھی لوگوں کو اس بیماری سے بچاؤ کی جانکاری فراہم کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے ضلع پلوامہ کے سبھی پنچایت حلقوں میں سیمیناروں کے ذریعے عوام کواس بیماری کے متعلق جانکاری فراہم کی گئی ہے جبکہ دیگر کئی پنچایت حلقوں میں عوام کو ٹی بی بیماری کے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔چیف میڈیکل آفیسر پلوامہ ڈاکٹر تہمینہ جمیل نے پلوامہ کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سگریٹ تمباکو نوشی سے پرہیز کریں اور اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ادھر پلوامہ کے نامور سماجی سوشل ورکر غمگین مجید ناربلی نے ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر سی ایم او آفس پلوامہ میں ٹی بی کے عنوان پر اپنی تازہ غزل پیش کی ۔جس کو ڈاکٹروں نے کافی سراہا۔

