کشمیر کلام منچ کے فنکاروں نے کی تقریب میں شرکت
سرینگر/ 5 دسمبر/ شافیہ گلفام/معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر جہاں وادی بھر میں تقریبات کا انعقاد ہوا وہیں گاندربل کے بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول میں بھی ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر گاندربل خاص مہمان کے بطور شریک ہوئے۔تقریب میں کشمیر کلامنچ سے وابستہ فنکاروں نے جہانگیر فراش کا لکھا اور ان ہی کی ہدایت میں کشمیری اسٹیج ڈرامہ ‘گڈیا’ حاضرین کے روبرو پیش کیا اور ڈرامے میں کام کرنے والے تمام اداکاروں نے اپنی بہترین اداکاری سے سامعین کو محظوظ کیا۔ اس ڈرامہ کی کہانی جسمانی طور معذور ایک ذہین لڑکی کی زندگی پر مبنی ہے اور اس کردار کو 14 سالہ بینش نے نہایت ہی بہترین انداز میں ادا کیا جبکہ دیگر کرداروں میں جہانگیر فراش عارف بٹ، جوزیہ میر،فیاض بٹ، عادل، طارق جمیل،حکیم جاوید اور عبدالمجید وانی قابلِ ذکر ہیں۔واضح رہے اس تقریب کا اہتمام تحصیل لیگل سروس کمیٹی گاندربل نے HOPE اور ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفس گاندربل کے اشتراک سے کیا تھا۔تقریب کے اختتام پر کشمیر کلامنچ کو ان کی بہترین کارکردگی کے اعتراف میں ایک یادگاری شیلڈ پیش کیا گیا۔تقریب میں طلبہ و طالبات کے علاوہ اسکول انتظامیہ اور عام لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
