پارٹی سے کئی معاملات پر اختلاف تھا :متو
سرینگر؍26،ستمبر ؍جموں کشمیر پیپلز کانفرنس نے سنیچر کے روز کہا کہ جنید متو کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ادھر جنید متو نے بھی ایک بیان میں اسکی تصدیق کر تے ہوئے کہا کہ پیپلز کانفرنس سے کئی معاملات پر اختلاف تھا ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق جموں کشمیر پیپلز کانفرنس نے سنیچرکو بتایا کہ جنید متو کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔پارٹی کے مطابق متو کا پارٹی کے ساتھ تعلق ہفتوں پہلے ختم ہوگیا ہے۔پیپلز کانفرنس نے پارٹی کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا’جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس تصدیق کرتی ہے کہ جنید متو پارٹی سے وابستہ نہیں ہیں،ان کی پارٹی سے وابستگی کئی ہفتے قبل ختم ہوئی ہے‘۔ ادھرسرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے سابق میئر نے بھی ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اْن کا پیپلز کانفرنس کے ساتھ تعلق ٹوٹ گیا ہے۔انہوں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سے اُنکے کئی معاملات پر اختلافات تھے ۔ان کا کہناتھا ’میں خوش ہوں کہ قیاس آرائیاں ختم ہوئیں اور دونوں اطراف سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ میرا پیپلز پارٹی کیساتھ اب کوئی تعلق نہیں ہے ‘۔متو کے مطابق گزشتہ کئی مہینوں سے کئی اہم اور احساس معاملات پر پارٹی کیساتھ اختلافات پیدا ہوئے ۔انہوں نے پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’میں نے اُن کو ہمیشہ اپنے بھائی اور استاد کی طرح پایا اور میرے نجی تعلقات پر مستقبل پر اثر نہیں پڑے گا ‘۔یاد رہے کہ جنید متو نے نیشنل کانفرنس سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر ایس ایم سی کے میئر کے عہدے کے لئے الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی ۔
