پلوامہ/ندائے کشمیر/
کل یعنی مورخہ 10 اکتوبر 2023 بروز منگل گورنمنٹ ڈگری کالج راجپورہ پلوامہ میں یک روزہ محفل مشاعرہ منعقد ہوا۔جس میں وادی کے مشہور و معروف اردو اور کشمیری شعراء و شاعرات نے شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوا۔تلاوت کلام پاک کے فرائض کالج کی ایک طالبہ رضیہ یوسف نے انجام دیے اور نعت شریف کی سعادت سہیل احمد نے حاصل کی۔ ابتدائی کلمات شعبہ انگریزی کے سربراہ پروفیسر غلام محی الدین نے پیش کئے اور مہمانوں کا استقبال کالج کی پرنسپل ڈاکٹر پروفیسر غزالہ غیاث صاحبہ نے کیا اور انہوں نے محفل میں شرکت کرنے والے تمام مہمان شعراء و شاعرات کا والہانہ استقبال کیا۔واضع رہے کہ یہ اس کالج کا پہلا مشاعرہ تھا جسکی صدارت خود پرنسپل ڈاکٹر غزالہ غیاث صاحبہ نے کی۔ پرنسپل صاحبہ خود ایک محب ادب ہونے کے ساتھ ایک معروف شاعرہ،افسانہ نگار اور نقاد ہیں۔مشاعرے میں جن شعراء نے سامعین کو اپنے کلام سے محظوظ کیا ان میں ساگر سرفراز،اعظم فاروق،ڈاکٹر مبارک لون، ڈاکٹر تنویر ریشی،آفتاب سعیدی،رشید صدیقی،ڈاکٹر گلزار احمد وانی،نثار اعظم،ڈاکٹر مسرور مظفر،ڈاکٹر ریاض ربانی کشمیری،فیاض دلگیر،نادم شوقیہ،امتیاز عالم،اور فردوس احمد وغیرہ شامل ہیں۔محفل کی نظامت کے فرائض شعبہ اردو کے سربراہ ڈاکٹر آفتاب احمد شاہ اور شعبہ کشمیری کے سربراہ ڈاکٹر تنویر ریشی نے انجام دئے۔
صدارتی کلمات پرنسپل ڈاکٹر پروفیسر غزالہ غیاث صاحبہ نے پیش کیے اور اس کے بعد شعراء میں اعزازی اسناد بھی تقسیم کیں۔آخر پر تحریک شکرانہ شعبہ انگریزی کے سربراہ پروفیسر غلام محی الدین نے پیش کی۔پرنسپل صاحبہ نے ایسی ادبی محفلیں بار بار منعقد کرنے پر زور دیا اور اپنی خدمات باہم رکھنے کا عزم جتاتے ہوئے کہا کہ شاعر اس قوم کا ایک اہم نمائندہ ہوتا ہے جو اپنے الفاظ میں اس قوم کی نمائندگی کرتا ہے۔
0
