نئی دہلی، 26 جون//سپریم کورٹ نے سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کی 10 ویں اور 12 ویں کے منسوخ امتحانات کے لئے داخلی اندازے کی بنیادی پر نتائج کا اعلان کرنے کے منصوبے کے بورڈ کے مسودے کو جمعہ کو منظور کرلیا۔فروغ انسانی وسائل کی وزارت اور سی بی ایس ای کی جانب سے پیش ہوئے سالیسیٹر جنرل تشار مہتہ نے جسٹس اے ایم کھانولکر، جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس سنجیو کھنہ کی بنچ کے کل کے حکم کے مطابق نئے نوٹی فکیشن کا مسودہ پیش کیا، جسے اس نے تسلیم کرلیا۔عدالت نے واضح کردیا کہ 10 ویں اور 12 ویں کے باقی بچے امتحان منسوخ کرنے اور اس سے متعلق مختلف پہلوؤں پر سی بی ایس ای کے حکم کا ریگولیشن نئے نوٹی فکیشن کے تحت کیا جائے گا۔مسٹر مہتہ نے عدالت کو بتایا کہ سی بی ایس ای ایک گھنٹے کے دوران ہی نیا نوٹی فکیشن جاری کرے گا، کیونکہ طلبا بے صبری سے نتائج کا انتظار کررہے ہیں۔ اگرچہ انڈین سرٹی فکیٹ آف سکینڈر ایجوکیشن (آئی سی ایس ای) نے ایک ہفتے کے دوران نیا نوٹی فکیشن جاری کرنے کی بات کی۔عدالت میں سونپے گئے نئے نوٹی فکیشن میں سی بی ایس ای نے کہا کہ اس نے 10 ویں اور 12 ویں کے ایک سے 15 جولائی تک ہونے والے امتحان منسوخ کردیئے گئے ہیں اور نتائج کے لئے اندازے کا سہارا لیا جائے گا۔ نئے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ داخلی اندازے کی بنیاد پر امتحان کے نتائج 15 جولائی تک اعلان کئے جائیں گے ، تاکہ طلبا ہندوستان اور بیرونی ممالک میں اعلی تعلیم کے لئے رجسٹریشن کے لئے درخواست دے سکیں۔سی بی ایس ای نے یہ واضح کیا ہے کہ طلبا کے لئے امتحان کا متبادل ابھی کھلا رہے گا۔ جن طلبا کے اندازے کی بنیاد پر نتائج اعلان کئے جائیں گے وہ بھی دوبارہ سے امتحان کے متبادل کا استعمال کرسکتے ہیں۔ جب تک کوئی طالب علم متبادل کا استعمال نہیں کرتا، اس کے داخلی اندازے کے تحت جاری نتائج حتمی سمجھے جائیں گے ۔سی بی ایس ای نے واضح کیا کہ امتحان کا متبادل صرف 12 ویں کے طلبا کے لئے ہوگا، 10 ویں کے لئے نہیں۔ دسویں کے لئے امتحان کے نتائج داخلی اندازے کی بنیاد پر حتمی ہوں گے ۔سی بی ایس ای نے اندازہ منصوبہ کے تحت کہا کہ جو طالب علم تین سے زیادہ مضامین کے امتحان میں شامل ہوچکے ہیں، ان کے سب سے زیادہ نمبر والے مضامین کا اوسط ملاکر اس کے مطابق باقی بچے مضامین میں نمبر دیئے جائیں گے لیکن جن طلبا نے صرف تین مضامین کے ہی امتحان دیئے تھے ، ان کے سب سے زیادہ نمبر والے دو مضامین کا اوسط نکال کر باقی مضامین میں نمبر دیئے جائیں گے ۔سی بی ایس ای نے کہا ہے کہ 12 ویں میں، خاص کر دلی میں ایسے بہت کم طلبا ہیں جنہوں نے ایک یا دو مضامین کے امتحان دیئے ہیں۔ ان کے امتحان کے نتائج شامل ہوئے مضامین میں حاصل پوائنٹ اور داخلی / پریکٹکل/ پروجیکٹ اندازے کی بنیاد پر جاری کئے جائیں گے ۔اس سے قبل سماعت کے دوران آئی سی ایس ای کے وکیل نے کہا کہ ان کا بھی نوٹی فکیشن سی بی ایس ای سے تقریباً ملتا جلتا ہے ، لیکن 10 ویں کے طلبا کے معاملے میں یہ کچھ مختلف ہے ۔ آئی سی ایس ای کاؤنسل 10 ویں کے طلبا کو بھی امتحان کا متبادل دے گی۔اس سے قبل مسٹر مہتہ کی متبادل تجویز کے سلسلے میں عرضی گزاروں کے وکیل رشی ملہوترا نے کئی سوال اٹھائے ۔ اس پر مسٹر مہتہ نے کہا کہ ان کا منصوبہ طلبا کو سہولت فراہم کرنے والا ہے ۔امیت باتھلا کی قیادت میں والدین کے ایک گروپ نے باقی کے امتحان کا مجوزہ پروگرام منسوخ کرنے اور داخلی اندازے کی بنیادی پر نتائج جاری کرنے کے بارے میں عدالت عظمی کا رخ کیا تھا۔عدالت نے اس کے ساتھ ہی سبھی عرضی گزاروں کو تصفیہ کردیا۔یو این آئی
122
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
