0

کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے ٹائیگور ہال سرینگر میں ادبی تقریب منعقد

معروف ادیب وبراڈ کاسٹر عبد الا حد فرہاد کی تین تصانیف کی رسم رونمائی

سرینگر:ندائے کشمیر/ ٹیگور ہال سرینگر میں میں آج جموں و کشمیر کلچرل اکیڈیمی کے اہتمام اور ایشین میل کمنکیشنز کے اشتراک سے ہفتہ کو ایک ادبی تقریب منعقد ہوئی ،جس میں وادی کشمیر کے معروف ادیب ، شاعر اور براڈ کاسٹر عبد الاحد فرہاد کی غزلیات ،نظموں اور نعتیہ کلام پر مبنی تین تصانیف ’’شیشہ سنگرن لج سسَر‘‘،’’ نیرِکر اختابہ نون‘‘ اور’’ محمدؐ حاصل ِ کل کائینات‘ ‘کی رسم رو نمائی انجام دی گئی۔ کتابوں پر سابق سربراہ شعبہ کشمیری کشمیر یونیورسٹی پروفیسر شفیع شوق نے مقالہ پیش کیا۔ ساتھ ہی معروف براڈ کاسٹر شمشاد کرالہ واری نے عبدلاحد فرہاد کے لکھے ہوئے نعتوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔کلچرل اکیڈیمی کے شعبہ کشمیری کے ایڈیٹر جاوید اقبال خان نے مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا اور کلچرل اکیڈیمی کے آنے والے پروگراموں کے بارے میں تفصیل پیش کی۔ تقریب کی صدارت ثقافت شناس جی آر حسرت گڑھا نے کی جبکہ معروف معالج ڈاکٹرسلیم وانی مہمان ِ ذی وقار کی حیثیت سے شامل تقریب ہوئے۔اس ادبی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سید مظفر کاشیانی اور کلچرل اکیڈیمی ڈویڑنل آفس سرینگر کے انچارج آفیسرفاروق انور مرزا نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں درگاہ حضرت بل کے معروف نعت خواں ابولحسن فاروقی نے عبدالاحدفرہاد کا نعتیہ کلام پیش کیا۔ جسکے فورا بعد معروف فوک گلوکار عبدل غفار کانہامی نے عبدلاحد فریاد کی غزلیں پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا۔ تقریب میں ادب نواز وں کے علاوہ ،صحافیوں ،سماج کے مختلف طبقہ ہائی فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں اور طلبا وطالبات کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔مقررین نے عبد الا حد فرہاد کی ادبی خد مات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے کشمیری اور اردو ادب کو نو جوان پود میں منتقل کرنے میں نمایاں ،کلیدی اور نا قابل فراموش رول ادا کیا ہے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ایشین میل کمنکیشنز کے سربراہ اور قلمکار رشید راہل نے انجام دئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں