حلقہ ادب سوناواری نے کیا محمد احسن احسن کو یاد 0

حلقہ ادب سوناواری نے کیا محمد احسن احسن کو یاد

ڈگری کالج حاجن میں شاندار تقریب کا انعقاد

حاجن /ندائے کشمیر/جمیل انصاری
آج گورنمنٹ ڈگری کالج حاجن میں حلقہ ادب سوناواری حاجن نے کمراز علاقے کی ہمہ جہت شخصیت مرحوم محمد احسن احسن کی یاد میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کی صدارت ڈگری کالج حاجن کے پرنسپل پروفیسر پیر ظہوراحمد نے کی جبکہ ادبی مرکز کمراز کے نائب صدر سیداختر منصور ، حلقہ ادب کے سرپرست ثناء اللہ نیاز اور محمد احسن احسن کے فرزند احسان الحق بھی ایوان میں موجود رہے۔ تقریب کا آغاز رمیض احمد نے تلاوتِ کلام پاک سے کیا جس کے بعد شبیر مقبول نے نعت شریف پیش کیا۔ تقریب کی پہلی نشست میں طرحی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا ، جس میں حلقہ ادب کے ساتھ وابستہ کئی شعراء نے محمد احسن احسن کی غزل کے ایک مصرعے پر اپنا طرحی کلام پیش کیا۔ اس نشست کی نظامت کے فرائض مہتاب منظور نے انجام دئے۔ تقریب کی دوسری نشست کے آغاز میں شاکر شفیع نے کلیدی خطبہ پیش کیا۔ انہوں نے محمد احسن احسن کو ایک ہمہ جہت شخصیت قرار دے کر انہیں ایک مخلص اور دیانتدار انسان قرار دیا۔ اس نشست میں ڈاکٹر فردوس احمد اور شہباز ہاکباری نے احسن صاحب کی خدمات اور اُن کے فنی محاسن پر مقالے پیش کئے۔ اپنے صدارتی خطبے میں پرنسپل پروفیسر ظہور احمدنے حلقہ ادب کو کشمیر کی سب سے بڑی ادبی اور لسانی تنظیم قرار دیا۔ پروگرام کے آخر پر شیخ غلام محمد نے تحریکِ شکرانہ پیش کیا۔ اس نشست کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر ریاض الحسن نے انجام دئے۔ تقریب میں حلقہ ادب کے ممبران کے علاوہ ادبی مرکز کمراز کے کئی عہدیداروں ، کالج طلبائ،ادیبوں ، قلمکاروں اور شاعروں نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں