پونچھ شہرِ خاص میں آوارہ کتوں کی بھرمار سے عوام سخت پریشان۔ 0

پونچھ شہرِ خاص میں آوارہ کتوں کی بھرمار سے عوام سخت پریشان

ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اس ضمن میں ٹھوس اقدامات کرنے کا کیا مطالبہ

پونچھ/ندائے کشمیر/جاوید اقبال اسدؔ

سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی کے شہرِ خاص میں آوارہ کتوں کی دہشت کی خبریں کئی بار اخبارات کی سرخیوں و چینلز کی ہیڈ لائنز بنیں جس کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے عوام کی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے آوارہ کتوں کی آبادی کی روک تھام و آوارہ جانوروں کے اندراج کو لیکر ایک اجلاس طلب کر متعلقہ محکموں کو اس ضمن میں کام کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں تاہم اس ضمن میں ابھی تک زمینی سطح پر کوئی پیش رفت نہیں دکھائی دی جس پر پونچھ کے معزز شہریوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کے یہ اجلاس دفتروں، بند کمروں تک ہی محدود رہتے ہیں کیونکہ اگر اس طرف کسی نے توجہ مرکوز کی ہوتی تو اس مسئلے کا بآسانی حل نکل جاتا لیکن افسوس کے متعلقہ محکمہ خوابِ خرگوش کے آغوش میں اس طرح مدمست ہیں کہ انہیں عام شہریوں کی کوئی پرواہ ہی نہیں۔
پونچھ کے معزز شہری و سماجی کارکن عبدالرشید شاہ پوری نے بتایا کہ صبح و شام کی سیر کے لئے یا بازار میں نکلنے کے لیے عام شہریوں کا نکلنا بہت مشکل ہوگیا ہے کیونکہ گلی چوراہوں و سڑکوں پر آوارہ کتوں کی بھرمار ہے جس سے عام شہریوں و معذور افراد کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ یاسین محمد چوہدری سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ اس اجلاس کے متعلق محکموں سے جواب طلب کریں کہ زمینی سطح پر انہوں نے کیا کام کیا ہے اور عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں تاکہ مستقبل میں اس پریشانی کا مکمل ازالہ ہوپائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں