92

قلندرز کی دوسری فتح، کراچی کنگز کو سپر اوور میں شکست

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں سنیچر کو دبئی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو سپر اوور میں ہرا دیا ہے۔

لاہور قلندرز نے سپر اوور میں کراچی کنگز کو فتح کے لیے 12 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں سنیل نرائن کی شاندار بولنگ کی بدولت کراچی کنگز کی ٹیم صرف آٹھ رنز ہی بنا سکی۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو جیتنے کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں لاہور کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 163 رنز بنائے اور میچ ٹائی ہو گیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے آغا سلمان 50 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

لاہور قلندرز کو اننگز کے آخری اوور میں جیتنے کے لیے 14 رنز درکار تھے لیکن وہ صرف 13 رنز ہی بنا سکی۔ اس طرح میچ کا فیصلہ سپر اوور کے ذریعے ہوا۔

عثمان شنواری کی جانب سے کرایا جانے والا لاہور قلندرز کی اننگز کا آخری اوور انتہائی ڈرامائی تھا، کیونکہ اس اوور کی آخری گیند پر جب لاہور قلندرز کو جیتنے کے لیے تین رنز درکار تھے تو سہیل اختر کیچ آؤٹ ہو گئے لیکن وہ گیند نو بال نکلی۔

اگلی گیند پر لاہور کو فتح کے لیے دو رن درکار تھے مگر بلے باز دوسرے رن کی کوشش کے دوران رن آؤٹ ہو گئے اور یوں میچ ٹائی ہو گیا۔

آج لاہور قلندرز نے جب ٹاس جیت کر کراچی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کراچی کنگز کا آغاز اتنا اچھا نہ تھا اور 19 کے مجموعی سکور پر ان کے ان فارم بلے باز جو ڈینلی یاسر شاہ کی پہلی گیند پر ہی آوٹ ہوگئے۔

تاہم پہلی وکٹ گرنے کے بعد کراچی کنگز کے بلے بازوں میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور لینڈل سمنز کے ساتھ بابر اعظم نے 72 رنز کی شراکت کی۔ لینڈل سمنز 55 رنز جبکہ بابر اعظم 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

یاد رہے کہ لاہور قلندرز کی پی ایس ایل 3 میں کارکردگی انتہائی بری رہی ہے اور ٹیم نے اس میچ سے قبل سات میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے۔

لاہور قلندرز کے لیے اس ٹورنامنٹ میں اب پلے آفز تک پہنچنا ناممکن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں