80

وارنر کو ڈی کوک سے جھگڑا مہنگا پڑ گیا

دبئی: آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ وارنر اور جنوبی افریقی وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک کو ڈریسنگ روم میں جھگڑا کرنا مہنگا پڑ گیا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے وارنر پر میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ 3 ڈی میرٹ پوائنٹس بھی دے دیئے جبکہ ڈی کوک پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز چائے کے وقفے کے دوران ڈریسنگ روم کی سیڑھیوں پر وارنر اور ڈی کوک کے درمیان جھگڑا ہوا۔

دونوں کھلاڑیوں میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جبکہ دونوں کھلاڑی ایک دوسرے پر حملہ آور بھی ہوئے تا4ہم ساتھی کھلاڑیوں نے مداخلت کر کے معاملہ رفع دفع کیا لیکن بات یہاں پر ختم نہ ہوئی۔

میچ آفیشلز کی شکایت پر آئی سی سی نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے وارنر کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ٹو اور ڈی کوک کو لیول ون کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا۔

وارنر نے لیول ٹو چارج کو تسلیم کیا جس پر آئی سی سی نے انہیں دوسرے ٹیسٹ کیلئے کلیئر قرار دیتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ عائد کر دیا اور اس کے ساتھ ساتھ 3 ڈی میرٹ پوائنٹس بھی دے دیے۔

اب وارنر پابندی سے صرف ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کی دوری پر ہیں اور اگر وہ ایک بار بھی آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ٹھہرتے ہیں تو ان پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب ڈی کوک نے آئی سی سی کی جانب سے عائد لیول ون کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ آئی سی سی نے ان پر لیول ون چارج عائد کرتے ہوئے میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں