79

امریکا نے چینی عہدیداروں پر ویزا پابندی عائد کردی

امریکا نے ہانگ کانگ کی ‘آزادی اور خودمختاری‘ پر قدغن لگانے کے الزام میں چین کے عہدیداروں پر ویزا کی پابندیاں عائد کردیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری مائیک پومپیو نے بیان میں کہا کہ ‘میں موجودہ اور سابق چینی حکام پر ویزا پابندیوں کا اعلان کر رہا ہوں جنہوں نے ہانگ کانگ کی خودمختاری کو نظر انداز کیا، جو چین اور برطانیہ کے مابین 1984 کے معاہدے میں درج تھا۔مائیک پومپیو نے کہا کہ ‘چین نے ہانگ کانگ میں انسانی حقوق کی پامالی کی اور آزادی کے بنیادی حق کو تسلیم نہیں کیا۔بیان کے مطابق پابندیوں کی زد میں آنے والے چینی عہدیداروں کے اہلخانہ پر بھی ویزا پابندیوں کا اطلاق ہوگا۔امریکا اور چین کےدرمیان ہانگ کانگ کا معاملہ نئی کشیدگی کا باعث بن گیا ہے۔مائیک پومپیو نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہانگ کانگ کی خود مختاری کو نقصان پہنچانے کے چین کے مجوزہ سیکیورٹی قانون پر بیجنگ کو سزا دینے کا وعدہ کیا تھا۔اس کے ردعمل میں چین نے کہا کہ امریکی فیصلہ ایک ‘غلطی‘ ہے جسے واپس لیا جانا چاہیے۔واضح رہے کہ چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی اتوار سے شروع ہونے والے اجلاس میں نئے قانون پر تبادلہ خیال کرے گی۔چین نے سیکیورٹی قانون کی منظوری دی تھی جس کے مطابق ہانگ کانگ میں بیجنگ کے اختیارات کو نقصان پہنچانا جرم ہوگا اور چین مذکورہ علاقے میں اپنی سیکیورٹی ایجنسیاں فعال کرسکے گا۔چین کے مجوزہ قانون کے خلاف ہانگ کانگ مظاہروں کی ایک نئی لہر نے جنم لیا تھا۔مائیک پومپیو نے امریکی ویزا پابندیوں کی زد میں آنے والے چینی عہدیداروں کے نام نہیں بتائے۔انہوں نے کہا کہ امریکی سینیٹ کے حالیہ ووٹ کے بعد ہانگ کانگ کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے والے افراد اور ان کے ساتھ کاروبار کرنے والے بینکوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں