جموں وکشمیر کے بزرگ صحافی خواجہ ثنااللہ کو 12ویں برسی 112

جموں وکشمیر کے بزرگ صحافی خواجہ ثنااللہ کو 12ویں برسی

ڈاکٹر فاروق عبداللہ سمیت دیگر کئی لیڈران کا خراج پیش

سرینگر /24نومبر // نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے ریاست کے معروف، کہنہ مشق اور بزرگ صحافی مرحوم خواجہ ثنا اللہ بٹ (خواجہ صاحب) کی 12ویں برسی پر اپنے خراج عقیدت کے پیغام میں کہا کہ مرحوم ایک قابل قدر صحافی تھے اور صحافتی میدان میں خداداد صلاحیتوں سے مالا مال تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ مرحوم نے روزنامہ آفتاب کے ذریعے کشمیری عوام کے مشکلات اور مسائل اُجاگر کرنے میں جو رول ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔سی این آئی کے مطابق پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر (ایڈوکیٹ )اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ نے اپنے خراج عقیدت کے پیغام میں کہا ،کہ خواجہ صاحب نے ہندوستان اور پاکستان کی دوستی کو مضبوط بنانے اور کشمیری عوام خاصکر سرحدی علاقوں کے مسلمانوں کے مسائل کو اُجاگر کرنے میں سبقت لی اور احساس محرومی کے شکار غریب لوگوں کے حالات کو اپنے روزنامہ میں اشاعت کرکے اُن کا ازالہ کرانے میں بھی کلیدی رول ادا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ خواجہ صاحب نے انجمن تحفظ جمہوریت رائے شماری تحریک کے دوران بھی کافی اہم اور مثبت رول ادا کیا۔ درایں اثنا پارٹی کے سینئر لیڈران محمد شفیع اوڑی، عبدالرحیم راتھر، میاں الطاف احمد، شریف الدین شارق ،مبارک گل، شمیمہ فردوس ،آغا سید روح اللہ مہدی اور ترجما ن عمران نبی ڈارنے بھی مرحوم خواجہ صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مرحوم کی کاوشوں کے نتیجے میں ہی اردو صحافت کو کشمیر میں مضبوطی سے جڑیں پکڑنے کا موقعہ فراہم ہوا۔ مرحوم نے پہلی بار ہاکر سسٹم رائج کرکے اخبارات کو گھر گھر تک پہنچانے کا تاریخی کارنامہ انجام دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں