62

پمبئی اور گوپال پورہ کولگام میں ایک گھنٹے کے دوران 2 مسلح تصادم آرائیاں

چار جنگجوجاں بحق ، دونوں علاقوں میں طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ جاری

سرینگر/17نومبر// حیدر پورہ سرینگر کے بعد جنوبی ضلع کولگام کے پمبئی اور گوپال پورہ علاقوںمیں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائیوں میں 4جنگجو جاں بحق ہو گئے ہیں ۔پولیس نے دونوں جھڑپو ں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک جھڑپوں میں4شناخت جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ دونوں علاقوں میں آپریشن جاری ہے ۔ سی این آئی کے مطابق کوگام کے پمبئی علاقے میں دو جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے مشتر کہ طور پر بدھ کے بعد دوپہر علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی آپریشن شروع کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق جونہی علاقے میں فوج و فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کر دیا تو وہاں چھپے بیٹھے جنگجوئوںنے فرار ہونے کی کوشش میں فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی فورسز نے بھی مورچہ زن ہوکر جوابی کارروائی کی اور علاقے میں دو بدو جھڑپ شروع ہوئی ۔ فائرنگ کے ساتھ ہی علاقے میں جنگجوئوں کے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے جبکہ محاصرے میں پھنسے جنگجوئوں کو خود سپردگی کرنے کیلئے کہا گیا تاہم انہوں نے پیشکش ٹھکرا دی ۔ ذرائع کے مطابق اسی دوران محاصرے میں پھنسے دو جنگجوئوں کے خلاف کارورائی عمل میںلائی گئی اور طرفین کے مابین گولیوں کا شدید تبادلہ شروع ہوا ۔۔پولیس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میںآپریشن جاری ہے اور تمام صورتحال آپریشن ختم ہونے کے بعد ہی واضح ہو گی ۔ پمبئی جھڑپ کے محض ایک گھنٹے بعد ضلع کولگام کے ہی گوپال پورہ علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کر دیا جس دوران وہاںجنگجوئوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین تصادم شروع ہو گیا ۔ پولیس نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گوپال پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی میںابھی تک دو جنگجو جاں بحق ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقوں میں آپریشن جاری ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں