85

سرینگر ٹائمز کے بانی صوفی غلام محمد کی 12 ویں برسی

سیاسی، سماجی، صحافتی اور ادبی تنظیموں کا شاندار خراج

پلوامہ/تنہا ایاز/ وادی کے ایک نامور صحافی اور روز نامہ سرینگر ٹائمز کے بانی صوفی غلام محمد کی 12 ویں برسی پر سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ افراد نے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور مرحوم کی صحافتی اور ادبی خدمات کو یاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اردو روزنامہ سرینگر ٹائمز کے بانی صوفی غلام محمد کی بارہویں برسی کے موقعے پر سیاسی سماجی، صحافتی اور ادبی تنظیموں نے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔نامور شاعر، ادیب اور قلمکار عبدالرحمن فدا نے صوفی غلام محمد کو انکی بارہویں برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے قلمی غلام بننے کے بجائے بے خوف اور آزاد صحافت کو پروان چڑھایا۔اس دوران معروف ادبی تنظیم مراز ادبی سنگم نے بارہویں برسی پر صوفی غلام محمد کو یاد کرتے ہوئے انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ نامور شاعر اور قلم کار علی شیدا جو مراز ادبی سنگم کے صدر بھی ہے نے سرینگر ٹائمز کے بانی کو 12 ویں برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کی ادبی اور صحافتی خدمات کو یاد کیا۔انہوں نے کہا کہ اردو صحافت کے خوبصورت منظر نامے پہ جب ہم نظر دوڑاتے ہیں تو کئی شہسوار آنکھوں کے سامنے ابھر کر آتے ہیں۔ مرحوم صوفی غلام محمد ان میں نمایاں حثیت رکھتے ہیں۔اپنے مشہور زمانہ اخبار سری نگر ٹائمژ کی شان میں انہوں نے کبھی کوئی داغ نہ لگنے دیا۔ صحافت کے ساتھ ساتھ وہ جسطرح وہ اردو ادب کی آبیاری کرتے رہے وہ آج بھی اپنی مثال آپ ہے۔ نوجوان قلم کاروں کی رہبری اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا وہ اپنا فریضہ اول سمجھتے تھے۔مجھے اس بات کا فخر ہے کہ میں عہدِ لڑکپن سے ہی ذاتی طور ان سے ملتا رہا اور ادب کے حوالے سے استفادہ کرتا رہا۔ وہ ایک مخلص اور سچے استاد کی طرح لفظوں کی نشست و برخاست سکھاتے رہے اور اپنے ادیبانہ مشوروں سے نوازتے رہتے تھے آج ان کے دن پہ انہیں یاد کرکے دل سے یہی دعا نکلتی ہے کہ اللہ انکے درجات بلند کریں اور ہمیں انکے ادبی نقش قدم پہ چلنے کی توفیق عطا کرے۔ہفت روزہ اخبار ندائے کشمیر کے چیف ایڈیٹر مہراج الدین نے مرحوم کو شاندار خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوفی غلام محمد ایک اعلی پایہ کے صحافی اور قلم کار تھے جنہیں کبھی بھی بلایا نہیں جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنے قلم کے ذریعے جس قدر خدمت کی ہے اسے کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔ادھر مراز ادبی سنگم کے جنرل سیکرٹری اظہار مبشر صوفی غلام محمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوفی غلام محمد جموں کشمیر کے عظیم صحافی تھے۔ صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ وہ کشمیری زباں کے ایک بہترین قلمکار بھی تھے۔ انکی خدمات کو ادبی حلقوں میں ہمیشہ سنہرے الفاظ سے یاد کیا جائے گا۔ وہ ہر لحاظ سے ایک عظیم قلمکار اور صحافی تھے جو ہر نو آموز قلمکار اور صحافی کیلئے مشعل راہ ہیں۔ نمائندے کے مطابق نامور صحافی اردو روزنامہ سرینگر ٹائمز کے بانی صوفی غلام محمد کی بارہویں برسی آج 16 نومبر کو منائی جارہی ہے۔مرحوم کی برسی پر جنوبی ضلع پلوامہ کی ادبی تنظیم نو ادبی کاروان کی جانب سے ایک آج تقریب منعقد ہورہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں