کئی سرکردہ ادیبوں، شاعروں اور قلم کاروں کی شرکت
پلوامہ/تنہا ایاز/ سمن بل بدرن میں گلشن کلچرل فورم کشمیر کے اہتمام سے ایک روزہ ادبی کانفرنس منعقد ہو ئی۔ جس میں کشمیری زبان سے وابستہ کئی سرکردہ ادیبوں شاعروں اور قلم کاروں نے شرکت کی۔ محفل مقالہ ، محفل افسانہ اور محفل مشاعرہ کانفرنس کی نمایاں نشستیں رہیں۔ اِس موقعے پر پروفیسر گلشن مجید مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود رہے۔ پروفیسر بشر بشیر اور شمشاد کرالہ واری نے بالترتیب نشستوں کی صدارت کی۔ فورم کے صدر سید بشیر کوثر نے کلیدی خطبہ پیش کیا۔ جبکہ فورم کے جنرل سیکریٹری گلشن بدرنی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔کانفرنس میں شہناز رشید ، ڈاکٹر جاوید انور، شمشاد کرالہ واری اور پروفیسر بشر بشیر نے کشمیر کے ادبی صورتحال کے تناظر میں منعقدہ مباحثے میں شرکت کی۔ رحیم رہبر اور پروفیسر گلشن مجید اور نثار عظم نے افسانے پیش کئے جن پر سیر حاصل بحث ہوئی۔اس موقعے پر غلام حسن شائق کی نثری تصنیف متاعِ حسَن، پروفیسر گلشن مجید کا افسانوی مجموعہ ٹنگہ ڈولمُت بَر اور گلشن بدرنی کا شعری مجموعہ زونہ گاشس منز اِجرا کی گئی۔
