باغوان پورہ سنگھ پورہ پٹن میں لوگو ں کا محکمہ جل شکتی اور پی ڈ ی ڈی کے خلاف زور دار احتجاج
شبروز ملک//سردیوں کے ایام میں پانی اور بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف باغوان پورہ سنگھ پورہ پٹن میں لوگو ں نے محکمہ جل شکتی اور محکمہ پی ڈ ی ڈی کے خلاف زور دار احتجاج کرتے ہوئے سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر دھرنا دیا اور مطالبہ کیا کہ علاقے میںجلد از جلد پانی اور بجلی کی سپلائی بحال کی جائے ۔ نمائندے نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سوموار کی صبح سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر اس وقت کچھ وقت تک ٹریفک کی نقل و حمل بند ہوئی جب باغوان پورہ سنگھ پورہ کے مرد و زن نے سڑک پر دھرنا دیکر زور دار احتجاج کیا ۔ اس موقعہ پر نمائندے کے ساتھ بات کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ سرما کے ان ایام میں انہیںپانی اور بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں سخت ترین پریشانیوں کا سامنا ہے اور متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ علاقہ گزشتہ ایک ہفتے سے پانی اور بجلی سے محروم ہے کیونکہ علاقے کا بجلی ٹرانسفارمر خراب ہوچکا ہے اور ایک ہفتہ گزرنے کے باوجو د بھی اس کو ٹھیک نہیںکیا گیا ہے ۔ احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں جلد از جلد بجلی اور پانی کی سپلائی بحال کر دی جائے ۔ اس دوران متعلقہ تحصیلدار جائے موقع پر پہنچ گیا جنہوں نے احتجاجی مظاہرین کی یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبہ کو حل جلد کرایا جائے گا جس کے بعد انہوں نے اپنا احتجاج ختم کر دیا ۔
