61

جموں وکشمیر سے متعلق مرکز کے دعوے زمینی صورتحال کے عین برعکس

تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے امن کی فضاء قائم ہونا لازمی/ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سرینگر / 26اکتوبر / ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ اس وقت گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں، گذشتہ برسوں کے دوران یہاں کے عوام غریب سے غریب تر ہوتے جارہے ہیں، اقتصادی بدحالی اور بے روزگاری عروج پر ہے اور مرکزی حکومت جموں وکشمیر سے متعلق غلط اور گمراہ کن دعوے کررہی ہے۔ سی این آئی کے مطابق ان باتوں کا اظہار انہوں نے آج دورہ جموں کے 7ویں روز سرنکوٹ میں پارٹی عہدیداروں کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، سینئر لیڈران خالد نجیب سہروردی، جاوید احمد رانا، سید مشتاق بخاری، عبدالغنی ملک، اسرار خان، مشتاق احمد گورو اور کنور یشو وردھن سنگھ بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکزی حکومت دعوے کررہی ہے کہ دفعہ370اور 35اے کے خاتمے کے بعد یہاں تعمیر و ترقی ہوئی ہے ، امن و امان کی فضاء قائم ہوئی ہے اور لوگ خوشحال ہیں لیکن زمینی صورتحال ان دعوئوں کے عین برعکس ہے۔ مرکزی حکومت جس تعمیر و ترقی کا دعویٰ کررہی ہے ’’کہاں ہے وہ تعمیر و ترقی؟ جس امن کے دعوے کئے جارہے ہیں، کہاں ہے وہ امن اور کہاں کے لوگ خوشحالی ہیں‘‘۔ڈاکٹر فارو ق عبداللہ نے کہا کہ تعمیر و ترقی اور خوشحالی تب تک نہیں آسکتی جب تک نہ امن کی فضاء قائم ہو اور امن اُسی صورت میں قائم ہوسکتا ہے جب پاکستان کیساتھ اچھے رشتے قائم ہونگے۔جنگ و جدل، رنجشوں اور تلخیوں سے تباہی اور بربادی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔ اس لئے ضروری ہے کہ وقت رہتے اپنے پڑوسیوں کیساتھ رشتے استوار کئے جائیں۔ خطہ پیرپنچال کی تعمیر و ترقی کیلئے بڑے منصوبوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس نے کہا کہ اس خطے کے بیشتر علاقے پچھڑے ہوئے ہیں اور یہاں کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں کے لوگوں کی زندگی بہتر سے بہتر ہوسکے۔ انہوں نے مقامی لوگوں پر زور دیا کہ وہ آپس میں اتحاد قائم رکھیں اور تفرقہ ڈالنے والوں سے ہوشیار رہیں، جو لوگ ہندو کو مسلمان سے اور گوجر کو پہاڑی سے الگ کرنے کی کوشش کرتے ہیں اُن کو مسترد کریں۔ انہوں نے پہاڑی اور گوجر طبقے سے تعلق رکھنے والوں پر زور دیا کہ وہ آپس میں اتحاد و اتقاق قائم کریں کیونکہ اس میں سب کا فائدہ ہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر نے اپنے خطاب میں پارٹی عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں اور لوگوں کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں