جنگجو مخالف آپریشن کے پیش نظر کرن والی گلی اور بھمبر گلی کے درمیان 20 کلومیٹر طویل شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل
سرینگر؍؍23 اکتوبر؍ خراب موسم اور بارش کے باوجود سنیچر کو جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع کے بھاٹا دُریان جنگلاتی علاقے میں بھارتی فوج کا جنگجوئوں کے خلاف آپریشن جاری رہا۔فوجی ذرائع کے مطابق علاقے میں جنگجو مخالف آپریشن کے پیش نظر کرن والی گلی اور بھمبر گلی کے درمیان 20 کلومیٹر طویل شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل کردی گئی۔یا د رہے کہ علاقے میں جنگجوئوں اور حفاظتی عملے دوران ہوئی ابتدائی جھڑپ میں پانچ فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعدفورسز نے پونچھ کے اس گھنے جنگلاتی علاقے میں انسداد ملی ٹینسی آپریشن شروع کیا جوپچھلے دس روز سے ابھی بھی جاری ہے۔ایس این ایس کو فوجی ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق انڈین آرمی اسپیشل فورسز کوپونچھ کے بھاٹا دُریان علاقے کے گھنے جنگلوں میں چھپے جنگجوئوںکے چھوٹے گروپوں کو تلاش کرکے انہیں نشانہ بنانے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق منگلوار 19اکتوبر کو فورسز کی زمینی تشخیص کے مطابق چھوٹے گروپوں میں جنگجوئوں کے2سے 4افراد کام کرسکتے ہیںجس کے بعد فورسز گھنے جنگلات میںبڑے پیمانے پر ان کی تلاش کرنے کیلئے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق گھنے جنگلاتی علاقوں کو سینیٹائز کیا جارہاہے اور جنگجویانہ مخالف آپریشن کیلئے تمام ضروری اقدامات کو بروئے کار لایا جارہاہے۔فوجی ذرائع کے مطابق چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور آرمی چیف کو جاری آپریشنز کے بارے میں لگاتار جانکاری دی جارہی ہے۔واضح رہے کہ 11 اکتوبر کو پونچھ سیکٹر سے متصل راجوری کے ڈی کے جی علاقے میں جنگجویانہ مخالف کاروائیوں کے دوران ایک جے سی او سمیت پانچ فوجی اہلکار مارے گئے۔