51

جموںوکشمیر کی انفرادیت، اجتماعیت اور وحدت کا قائم ودائم رکھنا ہمارا بنیادی منشور

نیشنل کانفرنس کیخلاف سازشیں کوئی نئی بات نہیں، پارٹی ہیڈکوارٹر پر ڈاکٹر فاروق کا خطاب

سرینگر /15 اکتوبر/جموںوکشمیر کی انفرادیت، اجتماعیت اور وحدت قائم و دائم رکھنا نیشنل کانفرنس کا بنیادی منشور رہا ہے اور پارٹی اپنے ان اصولوں پر آج بھی ڈٹی ہوئی ہے یہی وجہ ہے کہ ہماری جماعت کیخلاف چاروں طرف سے سازشوں کے جال بُنے جارہے ہیں۔ نیشنل کانفرنس سے وابستہ لیڈران، عہدیداران اور کارکنان کو وفاداریاں تبدیل کرنے کیلئے زرکثیر کا لالچ دیا جارہا ہے اور کچھ معاملات میں دھونس و دبائو کی پالیسی بھی اپنائی جارہی ہے۔ لیکن جنہوں نے حقیقی معنوں میں اس ہل والے پرچم کو تھما ہے انہوں نے روز اول سے ہی اپنا مؤقف تبدیل کرنے کی تمام پیشکشوں کو ٹھکرا دیا ہے اور دھونس و دبائو اور دھمکیوں کو مسترد کیا ہے۔ ان باتوں کا اظہار صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کے علاوہ دیگر لیڈران اور عہدیداران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ آج کل افواہوں کا بازار گرم کیا جارہا ہے، ا ن افواہوں پر زیادہ کان دھرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ جماعتیں تبدیل کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے اور لوگ آتے جاتے رہتے ہیں لیکن جن کا مؤقف اٹل اور ایمان پختہ اور عوام میں جن کی حقیقی ساکھ ہوتی ہے وہ پارٹیاں تبدیل نہیں کرتے ہیں۔نیشنل کانفرنس کیخلاف روز اول سے ہی سازشیں رچائیں جارہی ہیں لیکن جموں وکشمیر کے عوام کی اس ہردلعزیز جماعت کوزیر کرنے کا ہر ایک حربہ ناکام ہوا ہے کیونکہ اس جماعت کو حقیقی معنوں میں تینوں خطوں کے عوام کی بے لوث حمایت حاصل ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ انتخابات سے ہی پتہ چلتا ہے کہ کون کہاں پر کھڑ اہے اور اللہ کے فضل و کرم اور اشتراک سے نیشنل کانفرنس کے تنظیمی انتخابات جس وسیع پیمانے پر منعقد ہوئے اور ممبرشپ سے لیکر انتخابات سے لوگوں نے جو جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے اور اُس سے یہ بات عیاں ہوگئی ہے کہ ہماری جماعت کی جڑیں ہر مزید مضبوط ہوگئی ہیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عوام سے اپیل کی کہ موجودہ عید میلاد النبیؐ کے متبرکہ ایام کے دوران اللہ کے دربار میں سربسجود ہوکر دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں موجودہ مشکل ترین دور اور دلدل سے نکالے۔ پارٹی الیکشن کے انعقاد کیلئے لیڈران اور عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ میں اُن تمام دوستوں کا فرداً فرداً شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پارٹی انتخابات کا انعقاد لگن اور محنت سے انجام کو پہنچائے۔ اس موقعے پر سینئر پارٹی لیڈران مبارک گل، چودھری محمد رمضان، شریف الدین شارق، سکینہ ایتو، حسنین مسعودی، شمیمہ فردوس، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، جاوید احمد ڈار، علی محمد ڈار، شمی اوبرائے، آغا سید محمود، تنویر صادق، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، قیصر جمشید لون، میر سیف اللہ، الطاف احمد کلو، کفیل الرحمن، پیر آفاق احمد، شیخ اشفاق جبار، غلام محی الدین میر، حاجی محمد خلیل بند، ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، سلمان علی ساگر، فاروق احمد شاہ ، ارشاد رسول کار، ریاض بیدار، جگدیش سنگھ آزاد، ایڈوکیٹ نذیر احمد ملک، شیخ محمد رفیع، پیر محمد حسین، عمران نبی ڈار،غلام نبی بٹ، میر غلام رسول ناز، مشتاق احمد گورو، سید توقیر احد، ڈاکٹر محمد شفیع، احسان پردیسی، ایڈوکیٹ ریاض احمد خان، سلام الدین بجاڑ، صبیہ قادری، خواجہ محمد یعقوب وانی، غلام حسن رہی، سید رفیع شاہ ،حاجی عبدالاحد ڈار، نثار احمد نثار، مدثر شہمیری، عفرا جان کے علاوہ ڈی ڈی سی ممبران، یوتھ اور خواتین نگ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں