وادی کے سبھی اضلاع میں خصوصی کنٹرول قائم
سری نگر:۲۳، اکتوبر//موسلاداربارشوں اوربرف باری سے پیداشدہ صورتحال اورمشکلات کامقابلہ وازالہ کرنے کیلئے صوبائی انتظامیہ کیساتھ ساتھ پولیس محکمہ بھی متحرک ہوگیاہے ۔سری نگرسمیت وادی کے سبھی دس اضلاع میں ہنگامی بنیادوںپرسیول انتظامیہ اورپولیس کی جانب سے خصوصی کنٹرول قائم کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی علاقہ میں ضرورت پڑنے پرسرکاری ٹیموںکوجلدسے جلد بچائوکاری اورمددفراہم کرنے کیلئے روانہ کیاجاسکے ۔جے کے این ایس کے مطابق صوبائی کمشنر کشمیر اورآئی جی پی کشمیرکی الگ الگ ہدایات پروادی کے تمام اضلاع میں ضلع ترقیاتی کمشنروں اوراعلیٰ پولیس حکام نے موسلاداربارشوں اوربرف باری سے پیداشدہ صورتحال اورمشکلات کامقابلہ وازالہ کرنے کیلئے خصوصی کنٹرول قائم کئے ہیں۔ان کنٹرول روموںکے ٹیلی فون اورموبائل فون نمبرات کی سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیرکرائی گئی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پرلوگ ان نمبرات پررابطہ کرسکیں۔ضلع ترقیاتی کمشنروںکے دفاترمیں خصوصی کنٹرول روم متحرک کرنے کیساتھ ساتھ پولیس کی جانب سے تمام ایس ایچ ائووزکے نمبرات بھی مشتہرکرائے گئے ہیں تاکہ لوگ ان پررابطہ کرکے فوری مددحاصل کرسکیں۔اس دوران معلوم ہواکہ صوبائی کمشنرکشمیرنے تمام ڈپٹی کمشنروں کویہ ہدایت دی ہے کہ برف باری ہونے کی صورت میں رابطہ سڑکوں پرآواجاہی کوبحال کرنے کیلئے متعلقہ سرکاری مشینری کوتیاری کی حالت میں رکھاجائے ۔انہوںنے ضلع ترقیاتی کمشنروںکویہ ہدایت بھی دی ہے کہ بجلی اورپانی کی سپلائی کویقینی بنانے کیلئے محکمہ بجلی اورمحکمہ جل شکتی کوبھی متحرک رہنے کوکہاجائے ۔صوبائی کمشنرکشمیرکی ہدایت پر سنیچر کے روز ضلع ترقیاتی کمشنروںنے اپنے دفاترمیں مختلف محکموںکے سینئرانجینئروں اورافسروںکیساتھ میٹنگیںکیں اوران میٹنگوںمیں متعلقہ اضلاع کے اعلیٰ پولیس حکام بھی موجودتھے ۔
