44

دوشیزہ کاچہرہ بُری طرح جھلس گیا// ڈاکٹر

سری نگر تیزاب حملہ: جہانگیر چوک میں پُرامن احتجاج
سری نگر:۲،فروری:جے کے این ایس //حول تیزآب حملے کانشانہ بننے والی دوشیزہ کاچہرہ مکمل طورپرجھلس گیاہے اوراُس کے بائیں ہاتھ پر شدید چوٹیں ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق میڈیکل سپرانٹنڈنٹ، ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سری نگر، ڈاکٹر کوالجیت سنگھ نے بتا یاکہ لڑکی کا چہرہ مکمل طور پر جھلس گیا ہے، اس کے علاوہ اس کے بائیں ہاتھ پر شدید چوٹیں ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا اس کی آنکھوں کو بھی نقصان پہنچا ہے یا نہیں۔ شعبہ امراض چشم کے ڈاکٹر بھی اس کے علاج ومعالجہ کا حصہ ہیں۔صدراسپتال کے ذرائع نے کہاکہ تیزآب حملے میں زخمی ہونے والی لڑکی کاعلاج کیاجارہاہے اورڈاکٹر وںکی کوشش ہے کہ اسکی جان بچ جائے اوراسکی آنکھوں کوکوئی نقصان نہ پہنچاہو۔انہوںنے کہاکہ لڑکی کی حالت مستحکم مگرنازک بنی ہوئی ہے۔ادھرمنگل کی شام حول سری نگرعلاقہ میں ایک24سالہ لڑکی پر تیزاب پھینکے جانے کیخلاف سری نگر کے تاریخی جہانگیر چوک میں بدھ کو احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے مرتکبین کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔خیال رہے حول کے علاقے وانٹ پورہ میں منگل کی شام 24 سالہ لڑکی کو اس کے گھر کے باہر تیزاب سے حملہ کیا گیا جس سے اس کے چہرے پر شدید زخم آئے۔اس سنگین معاملے میں سری نگرپولیس نے اہم ملزم سمیت تین افرادکوگرفتار کرنے کادعویٰ کیا۔جے کے این ایس کے مطابق بدھ کے روزجہانگیر چوک پر جمع ہونے والے مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اُٹھائے ہوئے تھے ،جن پر مجرموں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ لکھاتھا،اس احتجاج میں نوجوان لڑکے اورلڑکیاں شامل تھیں ۔انہوںنے کہاکہ جو کچھ بھی ہوا بہت غلط ہے۔ ایک لڑکی پر تیزاب سے حملہ کیا گیا ہے۔ اس کی روح، شناخت اور چہرے کو نقصان پہنچا ہے۔مظاہرین کاکہناتھاکہ ہم اس حملے کی مذمت کرتے ہیں اور قصورواروں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کرنے کے لئے یہاں احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ قوانین میں ترمیم کی جائے تاکہ مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جا سکے۔وائٹ گلوب نامی غیرسرکاری تنظیم سے وابستہ نوجوان مظاہرین نے کہاکہ ہم یہاں ایسے واقعات نہیں ہونے دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں