52

ووین، بانڈی پورہ کی صد فیصد آبادی کا ویکسینیشن مکمل

ہمیں رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے//ڈاکٹر بشیر احمد
سری نگر،2فروری//چیف میڈیکل آفسیر بانڈی پورہ نے عوام سے رہنما خطوط کی پاسداری کو یقینی بنائے جانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وبائی مرض کے خلاف جنگ ایک شخص یا ادارے کا کام نہیں بلکہ تمام لوگوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے چیف میڈکل آفیسر بانڈی پورہ ڈاکٹر بشیر احمد نے بتایا کہ کورونا وائرس مثبت کیسز میں بانڈی پورہ سمیت دیگر اضلاع میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، جس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ کورونا کا خطرہ برابر موجود ہے اور ہمیں رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے اور وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کی گئی گائیڈ لائنز پر عمل کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے ضلع میں کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے میں ہیلتھ ورکران کی کوششوں کی سرہنا کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ووین نامی علاقے میں 15سے 17سال تک کی عمر کے بچوں کی صد فیصد ویکسینیشن مکمل کر لی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بانڈی پورہ پہلا ایسا ضلع بن گیا ہے جہاں کے کسی گاوں میں 15سے 17سال کے عمر کے تمام بچوں کو کووڈ ویکسین کے ٹیکے لگوائے گئے ہوں۔ ڈاکٹر بشیر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووڈ مناسب طرز عمل (کورونا ایس او پیز) کی پیروی کرتے رہیں اور وبائی مرض کے خلاف کام کر رہے لوگوں کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ وبائی مرض کے خلاف جنگ ایک شخص یا ادارے کا کام نہیں بلکہ تمام لوگوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور عوام کے تعاون سے شعبہ صحت، سول اور پولیس انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے ضلع بھر میں کورونا وائرس کو صورتحال کو لیکر بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں