سری نگر، یکم فروری // کورونا کے یومیہ کیسز میں گذشتہ چند روز سے کمی واقع ہونے کے پیش نظر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ کے حکام نے او پی ڈی خدمات بدھ سے بحال کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔واضح رہے کہ کورونا کیسز میں اضافہ درج ہونے کے پیش نظر سکمز میں ماہ جنوری کے دوسرے ہفتے میں احتیاطی طور پر او پی ڈی سروسز کو بند کرکے ٹیلی کنسلٹیشن شروع کی گئی تھی۔سکمز کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ پروفیسر فاروق احمد جان کی طرف سے منگل کو جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا‘مریضوں کی بھلائی اور کورونا کیسز میں تخفیف درج ہونے کے پیش نظر سکمز میں بدھ یعنی 2فروری سے او پی ڈی خدمات دوبارہ شروع ہوں گی’۔قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں گذشتہ چند روز سے بتدریج کمی درج ہونا شروع ہوئی ہے ۔حکام نے یونین ٹریٹری میں 64گھنٹوں پر محیط ویک اینڈ لاک ڈاؤن میں بھی 7گھنٹوں کی تخفیف کر دی ہے اور جمعے کو لاک ڈاؤن سے مکمل طور پر مستثنیٰ رکھا گیا ہے ۔
48