57

سائبر پولیس کشمیر کی ایک خصوصی کارورائی جعلی آن لائن ٹریڈنگ میں لگائے گئے 30 لاکھ کی رقم کو بچا لیا

سرینگر/28جنوری/سائبر پولیس اسٹیشن کشمیر کو سرینگر شہر کے ایک ذی عزت شہری کی جانب سے شکایت موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس کے بینک کھاتہ سے 11لاکھ روپے کی رقم نکال لی گئی ہے جس کے بارے میںاس کو کوئی جانکاری نہیں ہے۔سائبر پولیس کشمیر نے تیزی سے کام کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔سی این آئی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ اس کے پیسے اس کے بھتیجے کے اکاونٹ میں جمع ہویئے۔اس کے مطابق، شکایت کنندہ کے بھتیجے سے حقائق کی تصدیق کرنے کے بعد اس نے انکشاف کیا کہ وہ سوشل میڈیا سائٹس پر دھوکہ دہی کرنے والوں کے ساتھ رابطے میں آیا اور انہوں نے اسے اپنے بینک اکاؤنٹ میں براہ راست کریڈٹ حاصل کرنے کے لیے آن لائن ٹریڈنگ میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔ اس نے مزید انکشاف کیا کہ 11لاکھ کی مذکورہ رقم کے علاوہ، اس نے اپنے والد کے بینک اکاؤنٹ سے 19 لاکھ کی رقم بھی نکالی ہے اور اسے آن لائن ٹریڈنگ وسرمایہ کاری میں لگایا ہے جس کے نتیجے میں 30لاکھ کا بھاری مالی نقصان ہوا ہے۔ سائبر ٹیم نے ان ٹرانزیکشنز کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے بینک حکام کے ساتھ رابطہ کیا، جہاں سے یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ بھاری رقم یونیفائیڈ پیمنٹ انٹرفیس یوپی آئیاور انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے مختلف آن لائن ادائیگی کے گیٹ ویز میں منتقل کی گئی ہے۔ لین دین کی تفصیلات معلوم کرنے کیلئے معاملہ گیٹ وے حکام کے ساتھ مزید اٹھایا گیا۔ تیزی سے کام کرتے ہوئے، تفتیشی ٹیم مختلف آن لائن ادائیگی کے گیٹ ویز میں ہونے والی تمام ٹرانزیکشنز کا سراغ لگانے میں کامیاب رہی جو غیر ملکی کرنسی میں تبدیل کرنے کیلئے استعمال ہو رہے تھے اور 30 لاکھ کی پوری رقم کو بلاک کر دیا گیا اور مزید شکایت کنندگان کے بینک اکاؤنٹس میں واپس کر دیا گیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سائبر پولیس اسٹیشن کشمیر زون نے اس سے پہلے جنوری2022کے مہینے کے دوران 7لاکھ روپے کی رقم بچائی ہے۔ آئی جی پی کشمیر زون کی ہدایت پر سائبر پولیس کشمیر کی جانب سے مختلف بیداری پروگرام بھی شروع کیے گئے ہیں، جن میں عوام الناس کو مختلف آن لائن فراڈز اور گھوٹالوں وغیرہ کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے۔ کمیونٹی ممبران نے سائبر پولیس اسٹیشن کشمیر زون سری نگر کی عوام کی محنت سے کمائی گئی رقم کا سراغ لگانے اور بچانے میں فوری کارروائی کی ستائش کی ہے۔ عام لوگوں کو ایک بار پھر مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ان دھوکہ بازوں کا شکار نہ ہوں جو سرمایہ کاری وتجارتی مشیروں کے نام پر ان سے رابطہ کریں اور مختصر مدت میں ناجائز منافع کا وعدہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں