بیورو کریسی عوامی سرکار کی متبادل نہیں صرف منتخب نمائندے ہی عوامی مسائل حل کرسکتے ہیں :دویندرسنگھ رانا 51

بیورو کریسی عوامی سرکار کی متبادل نہیں صرف منتخب نمائندے ہی عوامی مسائل حل کرسکتے ہیں :دویندرسنگھ رانا

سری نگر:۲۸،جنوری//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور سابق رکن قانون ساز دویندرسنگھ رانا نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو ایک قابل سیاسی لیڈر اور تجربہ کا منتظم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیوروکریسی کسی بھی صورت میں عوامی سرکار کی متبادل نہیں ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی بیوروکریسی میں قابل لوگ ہیں لیکن لوگوں کے مسائل کو ان کے چنے ہوئے نمائندے ہی حل کرسکتے ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق گزشتہ برس کے آخرمیں نیشنل کانفرنس کوچھوڑکر بی جے پی میں شامل ہوئے سابق رکن قانون ساز دویندرسنگھ رانا نے جمعے کے روز جموں میں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا صاحب ایک قابل سیاسی لیڈر ہیں اور ایک تجربہ کار منتظم بھی ہیں وہ یہاں کی انتظامیہ کو بہترین انداز میں چلا رہے ہیں لیکن پھر بھی بیوروکریسی عوامی سرکار کی متبادل نہیں ہے‘۔دویندرسنگھ رانا کا کہنا تھاکہ جموں و کشمیر کی بیوروکریسی میں محنتی لوگ ہیں جنہوں یہاں مشکل حالات میں کام کیا لیکن لوگوں کے مسائل کو ان کے چنے ہوئے نمائندے ہی حل کر سکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جموں وکشمیر میں سب سے بڑا مسئلہ بے روز گاری کا ہے جس پر حکومت کام کر رہی ہے۔سابق رکن قانون ساز دویندرسنگھ رانانے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ جموں و کشمیر میں نوجوانوں کے لئے روز گار کے زیادہ سے زیادہ ذرائع ہونے چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں سابق رکن قانون ساز دویندرسنگھ رانانے کہا کہ کسی بھی سیاسی لیڈر کو جموں میں لوگوں کو بانٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جموں کے لوگ آپس میں مل جل کر رہتے ہیں اور ہم ان کی آواز کو بلند کرنا چاہتے ہیں۔ دویندرسنگھ رانا کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو لوگوں کے ساتھ رہنا چاہئے اور سرکار اور عوام کے درمیان ایک پل کا کام کرکے لوگوں کو درپیش مسائل کو حل کرانا چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں