50

ہر ی سنگھ ہائی اسٹریٹ میں جنگجوکا گرنیڈ حملہ پولیس انسپکٹر اور تین شہریوں سمیت چار زخمی ، دکانوں کے شیشے چکنا چور

سرینگر 25جنوری  //سخت سیکورٹی کے بیچ مشتبہ جنگجووں نے ہر ی سنگھ ہائی اسٹریٹ میں سیکورٹی فورسز پر گرنیڈ داغا جو نشانہ چوک جانے کے نتیجے میں شاہراہ پر زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پولیس انسپکٹر اور تین عام شہریوں سمیت چار افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس ذرائع نے گرنیڈ حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔ یو پی آئی کے مطابق سیکورٹی کے لحاظ سے انتہائی حساس ہر سنگھ ہائی اسٹریٹ میں جنگجووں نے سیکورٹی فورسز پر گرنیڈ داغا جس وجہ سے علاقے میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی اور بھاگنے لگے۔ نمائندے نے بتایا کہ منگل سہ پہر کے بعد جنگجوئوں نے ہر ی سنگھ ہائی اسٹریٹ میں پولیس کی رکشک گاڑی کو نشانہ بنانے کی غرض سے گرنیڈ پھینکا جو نشانہ چوک جانے کے باعث شاہراہ پر زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس وجہ سے تین راہگیر اور ایک پولیس انسپکٹر زخمی ہوا ہے۔ زخمیوں کی شناخت 40 سالہ عصمت زوجہ ظہور احمد ہجام ساکن چرار شریف بڈگام ،38 سالہ تنویرا اور اْس کا شوہر محمد شفیع بٹ ساکنان چھتہ بل سری نگر اور ایک پولیس انسپکٹر تنویر احمد ساکن بڈگام کے بطور ہوئی ہے۔ نمائندے نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے خون میں لت پت تین شہریوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ گرنیڈ دھماکے سے پولیس گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی دکانوں کے شیشے بھی چکنا چور ہو ئے ہیں۔ صدر اسپتال کے سپر انٹنڈنٹ نے بتایا کہ ہسپتال میں تین زخمیوں کو لایا گیا جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دریں اثنا گرنیڈ حملے کے ساتھ ہی پورے شہر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ لالچوک اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو سیکورٹی فورسز نے پوری طرح سے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ مشتبہ حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد ملی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گرنیڈ حملے میں ملوث افراد کی پہچان کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں