سری نگر،25جنوری// وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کا دور اقتدار آخری سانسیں لینے کے بیچ ٹھٹرتی سردیوں کا زور بھی تھمنے لگا ہے ۔بتادیں کہ ٹھٹھرتی سردیوں کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلان کا دور حکومت 21دسمبر سے شروع ہو کر31جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے تاہم گذشتہ دو برسوں کے مقابلے امسال چلہ کلان نے اپنے طاقت کا بھر پور مظاہرہ نہیں کیا۔وادی کشمیر میں دوران شب کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارشیں ہوئیں جبکہ بعض علاقوں بشمول گلمرگ میں ہلکی برف باری ہوئی۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وادی میں 29جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں بہتری جبکہ رات کی سردیوں میں اضافہ درج ہو سکتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 30جنوری کو موسم ابر آلود رہے گا جبکہ 31جنوری کو کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ادھر گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 2.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سری نگر میں 18دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ جہں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.8سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے ، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی9.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وای کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.1ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی0.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.3ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ، میں کم سے کم درجہ حرارت 0.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 0.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے قصبہ دراس جو سائبیریا کے بعد دنا کا دوسرا سرد ترین علاقہ ہے ، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی16.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.6ڈگری سینٹی گریڈ اور ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثنا وادی میں منگل کے روز موسم صبح سے ہی خشک رہا اور آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کئی کامیاب کوششیں کیں۔
39