سرینگر/22جنوری/پیر پنچال کے آر پار جاری مسلسل خراب موسمی صورتحال کے بیچ وادی کے میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ۔ بارشوں اور ہلکی برفباری کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی اور بیشتر مقامات پر نقطہ انجماد سے اوپر درج کیا گیا۔ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں تک بھاری سے درمیانی درجے کی برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ 24جنوری کی صبح سے موسمی صورتحال میں بہتری آنے کا امکان ہے ۔ سی این آئی کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق پیر پنچال کے آر پار موسمی صورتحال مسلسل خراب بنی ہوئی ہے ۔ جمعہ اور سنیچروار کی درمیانی رات کو بھی وادی کے کئی میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برفبای ہوئی ۔پیر پنچال کی پیاڑیوں برفباری ریکارڈ کی گئی ہے تاہم شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ جنوبی کشمیر کے علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارشیں ہوئی ۔ گلمرگ ، سونہ مرگ ، زوجیلا اور پیر کی گلی کے علاوہ پیز پنچال کی پہاڑیوں اور جنوبی کشمیر کے کے علاقوں میں دوران شب سے ہی برف و باراں کا سلسلہ شروع ہوا جو آخری اطلاعات ملنے تک وقفہ وقفہ سے جاری تھی۔ گاندربل ، کنگن اور سونہ مرگ میں برفباری کے نتیجے میں سونہ مرگ سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ ادھر شہر آفاق گلمرگ میں ہوئی شدید برفباری سے وہاں سیر پر آئے ہوئیے سیلانیوں نے برفباری کا خوب مزہ لیا ۔ برفباری کے نتیجے میں گلمرگ سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثرہ ہوئی ۔ گلمرگ سے ٹنگمرگ جانے والی گاڑیوں کو اُسی صورت میں اجازت دی جائے گی جب وہ ٹائروں پر چین لگائیں گے اور اس روٹ پر صرف 4×4گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت ہوگی۔شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئی تاہم بارشوں اور برفباری کے باوجود بھی شبانہ درجہ حرارت میں کافی بہتری درج کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شبانہ درجہ حرارت بیشتر مقامات پر نقطہ انجماد سے اوپر درج کیا گیا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالترتیب قریب 12 سینٹی میٹر اور 3.5 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر نگر جہاں چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سیاحتی مقام گلمرگ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قریب12 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران3.5 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق پیر پنچال کے آر پار اگلے 24گھنٹوں تک میدانی علاقوں کے ساتھ ساتھ بالائی علاقوں میں بھی برفباری ہونے کے امکانات ہے اور کہا کہ موسمی صورتحال میں 24جنوری بعد ہی بہتری آنے کی امید ہے ۔

- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل