116

اونتی پورہ میں دو جنگجو اعانت کار گرفتار//پولیس

جنگجو اعانت کار کے خلاف این آئی اے کی چارج شیٹ پیش
سری نگر، 17جنوری (یو این آئی// جموں وکشمیر پولیس نے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں دو جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرکے اْن کی تحویل سے قابل اعتراض مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 42آر آر ، سی آر پی ایف اور اونتی پورہ پولیس نے ممنوع تنظیم جیش سے وابستہ دو ملی ٹینٹ معاونین کو گرفتار کیا ہے۔انہوں نے گرفتار اعانت کاروں کی شناخت زاہد احمد لون ولد غلام رسول ساکن نارستان ترال اور شکیل احمد ملک عرف ابو دجانا ولد غلام محمد ساکن نور پورہ اونتی پورہ کے بطور کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ گرفتا ر شدہ اعانت کار ضلع میں سرگرم جنگجووں کو منطقی مدد فراہم کر رہے تھے۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ اعانت کار پاکستان میں بیٹھے جیش کمانڈروں کے ساتھ سوشل میڈیا کی مختلف سائٹوں پر مسلسل رابطے میں تھے اور وہ جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ادھر پولیس نے این آئی اے کی ایک عدالت میں انسداد دہشت گردی سے متعلق قانون یو اے پی اے کے تحت ایک میینہ جنگجو اعانت کار کے خلاف چارج شیٹ پیش کیا ہے ۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 26ستمبر 2020کو کچھ نامعلوم جنگجوؤں نے بہی باغ علاقے میں ایک پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔انہوں نے کہا کہ مستعد پولیس اہلکاروں نے فوری طور پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی تاہم جنگجو اپنے اعانت کار کی مدد سے تاریکی کا فائدہ اٹھا کر جائے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔موصوف ترجمان نے کہا کہ اس واقعے کے متعلق پولیس اسٹیشن بہی باغ میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ اس واقعے میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو عامر احمد میر اور عامر منظور گنائی (جو دونوں مارے گئے ہیں) ملوث ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ مزید تحقیات سے یہ بات سامنے آگئی کہ یہ واقعہ انجام دینے میں سہیل احمد نامی ایک جنگجو اعانت کار بھی ملوث ہے ۔پولیس ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس کی سخت کاوشوں سے مذکورہ جنگجو اعانت کار کو گرفتار کیا گیا اور اس کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود اور کچھ قابل اعتراض مواد بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران تمام شواہد بشمول ڈیجیٹل شواہد جمع کئے گئے اور 15جنوری کو مذکورہ جنگجو اعانت کار کے خلاف این آئی اے عدالت اننت ناگ میں چارج شیٹ پیش کیا گیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں