52

چلہ کلان کے سخت تیور کے بیچ جموں کشمیر اور لداخ میںشدید سردی کی لہر جاری

سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 4.3جبکہ دراس منفی 28ڈگری پرمنجمند

سرینگر/15جنوری /دن میں کھلی دھوپ نکلنے کے باعث وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر مسلسل جاری ہے جس دوران سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت میں منفی4.3ڈگری ریکارڈ کیا گیاجبکہ دراس میں منفی 27.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ادھر محکمہ موسمیات نے موسمی صورتحال میں تبدیلی آنے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ 16سے 18جنوری تک بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے ساتھ درمیانہ درجہ کی برف باری ہونے کا امکان ہے۔ادھر زمستانی موحول کی وجہ سے ڈل جھیل سمیت سبھی آبی ذخائر منجمد ہیں اور نل بھی جم گئے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ سی این آئی کے مطابق چلہ کلان کے سخت تیور کے بیچ جموں کشمیر اور لداخ میںشدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ پوری وادی کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے اور یخ بستہ ہوائوں کی وجہ سے شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ محکمہ کے مطابق درجہ حرارت میں کمی ہونے کے ساتھ ہی پوری وادی سخت ترین سردی کے لپیٹ میں آچکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کے ساتھ ساتھ لداخ خطہ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ جہاں چلہ کلان میں سب سے زیادہ درجہ حرارت میں کمی ہوتی ہے میں تھوڑی سی بہتری آئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں شبانہ حرارت گزشتہ رات کے منفی 3.4 ڈگری سیلسیس کے مقابلے ایک ڈگری سیلسیس سے زیادہ نیچے آیا ہے۔ جس دوران رات کا درجہ حرارت منفی 4.3ڈگری سلشس ریکارڈ کیا گیا ۔ اسی طرح سے گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 9.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 10.5ڈگری سینٹی گریڈ تھاجبکہ پہلگام میں گزشتہ رات منفی 11.4ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی 10.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 7.8ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 7.5 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔محکمہ کے مطابق شمالی کشمیر کے کپوارہ قصبے میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو منفی 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔انہوں نے کہا کہ جموں میں پچھلی رات کے 5.7سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 7.7سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو سال کے اس وقت کے دوران جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت کے لئے معمول سے 0.7سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اس بات کی پیشگوئی کی ہے کہ 16سے 18جنوری تک بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے ساتھ درمیانہ درجہ کی برف باری ہونے کا امکان ہے۔اس دوران گزشتہ رات بھر شدید سردی ہونے کے ساتھ سنچروار کی صبح بھی سرینگر سمیت پوری وادی میں شدت کی سردی محسوس کی جارہی ہے۔شدید سردی کی لہر جاری رہنے کے باعث مسلسل جھیل ڈل کی اوپری سطح پوری طرح سے منجمد رہی۔صبح کے وقت چلنے والی یخ بستہ ہواؤں اور شدت کی سردی کی لہر برقرار رہنے کے باعث صبح کے وقت زیادہ تر لوگ گھروں سے باہر نہیں نکل پارہے ہیں۔درجہ حرارت منفی ریکارڈ ہونے اور شدید دھند چھائے رہنے کے نتیجے میں نل اور پانی کی ٹینکیوں میں بھی پانی جم گیا ہے جس وجہ سے اب گھروں کے اندر بھی پانی دستیاب نہیں ہو رہا ہے اور لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں