48

مشیر فاروق خان نے کووِڈ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کیا

سری نگر/10؍جنوری//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے آج سری نگر شہر کے مختلف سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کیا تاکہ کووِڈ کی تیاریوں کا جائزہ لیا جاسکے۔مشیر فاروق خان نے جن ہسپتالوں کا دورہ کیا اُن میں چیسٹ ڈیزیز ہسپتال ڈلگیٹ ، ایس ایم ایچ ایس ہسپتال اور سکمز میڈیکل کالج ہسپتال بمنہ شامل ہیں۔دورے کے دوران اُنہوں نے کووِڈ معاملات سے نمٹنے کے لئے دستیاب بستروں کی گنجائش اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ معاملات کو بڑھتی ہوئی تعداد سے لڑنے کے لئے تمام ہسپتالوں میں تمام مناسب طریقہ کار کو آسانی سے دستیاب رکھا جانا چاہیئے۔اُنہوں نے ہسپتالوں کے مختلف وارڈوں کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریضوں کو ہر صورت میں معیاری علاج فراہم کیا جائے۔مشیر موصوف نے کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مناسب کووِڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنا لوگوں کے لئے ایک معمول کی عادت بن جانا چاہیئے۔مشیر فاروق خان نے اَفسران کو تمام مقامات پر سی اے بی کو سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی ۔اُنہوں نے کہاکہ خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے اور بغیر ماسک کے پائے جانے والے کسی کو بھی سخت سزا دی جانی چاہئے۔ اُنہوں نے کہا کہ سی اے بی کی ضرورت کو اُجاگر کرنے والے اعلانات مستقل بنیادوں پر کئے جانے چاہئیں۔ہسپتال اِنتظامیہ کی جانب سے مشیر موصوف کو جانکاری دی گئی کہ وہ کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں اور کووِڈ معاملات کی بڑھتی ہوئی تعداد میں اِضافے کی صورت میں ایک طریقہ کار تیار کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے ہمراہ پرنسپل جی ایم سی سری نگر ، پرنسپل ایس کے آئی ایم ایس میڈیکل کالج ہسپتال بمنہ ، میڈکل سپر انٹنڈنٹ سی ڈی ہسپتال اور محکمہ صحت و طبی تعلیم کے دیگر اَفسران بھی تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں