ممبئی دہشت گردانہ حملے کی13 ویں برسی: صدرجمہوریہ اوروزیراعظم کے پیغامات 54

ممبئی دہشت گردانہ حملے کی13 ویں برسی: صدرجمہوریہ اوروزیراعظم کے پیغامات

قوم سیکورٹی فورسز کی بہادری اور قربانیوں کی مشکور:کووند، قربانیوں کو جھک کرمیراسلام اورخراج پیش:مودی
سری نگر:۲۶، نومبر//ممبئی دہشت گردانہ حملے کی13 ویں برسی کے موقعہ پر صدرجمہوریہ رام ناتھ کوونداوروزیراعظم نریندرا مودی نے الگ الگ پیغامات میں واضح کیاکہ ملکی سا لمیت ،سلامتی اوریکجہتی کیلئے اپنی زندگیوں نچھاور کرنے والے سیکورٹی اہلکاروںکی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پوری قوم شہیدوں اورمتاثرین کی مشکور ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق صدر رام ناتھ کووند نے جمعہ کو 26/11کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے شہیدوں اور متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم ہمیشہ ان سیکورٹی اہلکاروں کی شکر گزار رہے گی جنہوں نے دوران ڈیوٹی اپنی جانیں قربان کیں۔صدرجمہوریہ رام ناتھ کووندنے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پرکئے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا’’26/11ممبئی دہشت گردانہ حملے کے شہیدوں اورمتاثرین کو میری دلی خراج عقیدت۔ قوم ہمیشہ حفاظتی دستوں کی بہادری اور قربانی کیلئے شکر گزار رہے گی جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا‘‘۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ان بہادر جوانوںکو یاد کیا جنہوں نے 26/11 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کا مقابلہ کیا اور ان لوگوں کو جنہوں نے اپنی جانیں گنوائیں۔پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں یوم آئین کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ جب ہم آج’’سمودھن دیوس‘‘کی یاد منا رہے ہیں، ’’ہمیں ان بہادر جوانوںکو نہیں بھولنا چاہیے جنہوں نے 26/11 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کا مقابلہ کیااورجو اپنی زندگیوںسے ہاتھ دھو بیٹھے‘‘۔وزیراعظم نریندرا مودی کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ آج میں ان قربانیوں کو بھی جھک کرسلام اورخراج پیش کرتا ہوں۔خیال رہے 26 نومبر2008 کوملک کی صنعتی وکاروباری راجدھانی سمجھے جانے والے مشہور شہرممبئی میںہوئے دہشت گردانہ حملے اوراسکے بعد60 گھنٹے تک جاری رہنے والے محاصرے کے دوران20 سیکورٹی اہلکاروںاور26غیرملکی شہریوں سمیت174 افراد ہلاک اور300سے زیادہ دیگرافرادزخمی ہوئے تھے ۔13سال قبل یہ دہشت گردانہ حملہ 10 بندوق برداروں نے کیا جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ پاکستان میں قائم دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ سے منسلک تھے۔خودکار ہتھیاروں اور دستی بموں سے لیس دہشت گردوں نے ممبئی کے جنوبی حصے میں متعدد مقامات پر شہریوں کو نشانہ بنایا، جن میں چھترپتی شیواجی ریلوے اسٹیشن، مشہور لیوپولڈ کیفے، دو اسپتال اور ایک تھیٹر شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں