109

وادی میں عالمی یوم خواتین کاانعقاد

سکولوں میںتحفظ ِخواتین میں وومنزکمیشن پیش پیش رہے گا/چیر پرسن نعیمہ مہجور
سرینگر// عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے وادی کے مختلف اضلاع میں آج تقریبات اور پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔جس دوران مقررین نے بچیوں اور خواتین کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے خواتین کو مزید بااختیار بنانے اورانہیں مساوی حقوق فراہم کرنے کی ضرورت پر زوردیا تاکہ قوم وسماج کو مستحکم کرنے کے علاوہ معاشرے کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا جاسکے۔انہوںنے کہا کہ لڑکیوں کے ساتھ کسی بھی طرح کا امتیاز سماج کے لئے بے پناہ مسائل کا سبب بن سکتا ہے اورقوموں کی مجموعی ترقی کے لئے خواتین کو بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ریاست میں سب سے بڑی تقریب سرینگرکے گرلز ہائرسیکنڈری سکول کوٹھی باغ میں ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر اور ریاستی وومنز کمیشن کے باہمی اشتراک سے منعقد ہوئی۔ تقریب میں کمیشن کی چیر پرسن نعیمہ مہجور نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ اس موقعے پر ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔ تقریب منعقد ہونے سے قبل ریاستی وومنز کمیشن کی چیر پرسن نعیمہ مہجور نے خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے پیغام کو عام کرنے کے سلسلے میں گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ میں خواتین مارچ کی قیادت کی۔ بعد میں ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو اور چیر پرسن نعیمہ مہجور نے باہمی طور ’’پودا برائے تحفظ خواتین‘‘ لگا کر اس پیغام کو عام کیا کہ سماج میں خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر جہاں ہر ذی حس شخص کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ، وہیں محکمہ تعلیم اور وومنز کمیشن کے باہمی اشتراک سے سکولوں میں خواتین کے تحفظ کی بیداری کو عام کرنے اورگھریلو تشدد کی بدعت کا قلع قمع کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے جائیں گے۔اس موقعے پر ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے اعلان کیا کہ وادی کے تمام ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں ’’خواتین خود بچاؤ کلب‘‘ قائم کئے جائیں گے۔بعد میں منعقدہ تقریب کے دوران سکولی طالبات نے کئی تمدنی پروگراموں کے ذریعے گھریلو تشدد کو ختم کرنے اور خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کا پیغام دیا۔اس موقعے پر ریاستی خواتین کمیشن کی چیر پرسن نعیمہ مہجور نے اپنی تقریر میں کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد کو ختم کیاجائے اور ریاست میں اُن معاملات کی نشاندہی کی جائے جن میں خواتین شکار ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کا بہترین سد باب یہ ہوگا کہ خواتین کے تئیں سماجی رویہ کو تبدیل کرکے مثبت سوچ کو اپنایا جائے۔ اس موقعے پر ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے محکمہ تعلیم کی طرف سے سکولی طالبات کی عزت و وقار کو تحفظ فراہم کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سیشن کے دوران سکولوں میں تحفظِ خواتین کے پیغام کو عام کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے جائیں گے۔تقریب کے ہاشیے پر سٹیٹ میڈیا سینٹر ایجوکیشن SIEکشمیر سے بات کرتے ہوئے ناظم تعلیم کشمیر نے تمام ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ سکولوںمیں’’ خواتین خود بچاؤ کلب ‘‘ قائم کریں اور طالبات کودرپیش معاملات کا جائزہ لے کر اُن کا سد باب کریں ۔ اس موقعے پر چیرپرسن نعیمہ مہجور نے سکولوں میں ایسے کلبس کے قیام میں ریاستی وومنز کمیشن کی طرف سے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے ایسے اقدامات کئے جانے پرمحکمہ تعلیم کی ستائش کی۔تقریب کے آخر پر سکول کی پروگرام انچارج نصرت بخاری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سکولی سرگرمیوں کا احاطہ کیا۔ اس موقعے پر وومنز کمیشن کے سیکریٹری اعجاز احمد ، جوائنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن ثریہ بانو، چیف ایجوکیشن افسر سرینگر فاروق احمد ڈار، میڈیا کارڈی نیٹر فیاض احمد فیاضؔ ، خواتین سکولی سربراہان و اساتذہ ، طالبات اور خواتین کی بھاری تعداد موجود تھیں۔بانڈی پورہ میں آج عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے آئی سی ڈی ایس محکمے نے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے کی طرف سے شروع کئے گئے بیٹی بچائو ،بیٹی پڑھائو کے سلسلے میں پین انڈیا ایکسپنشن لائیو پروگرام دیکھا گیا۔پروگرام کی صدارت ضلع پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس الطاف حسین نے کی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ضلع میں بیٹی بچائو،بیٹی پڑھائو پروگرام کے بارے میں عام لوگوں کو جانکاری دینے کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اننت ناگ میںعالمی یوم خواتین کے سلسلے میں محکمہ تعیم نے ڈسٹرکٹ انسٹچیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹرینگس سینٹر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میںبڑی تعداد میں خواتین،طالبات اورآشاورکروں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر محمد یونس ملک جو کہ اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے نے کہا کہ عالمی یوم خواتین منانے کا مقصد خواتین کو مساوی حقوق فراہم کرنا ہے تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔اُدھر کوکر ناگ میں عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں چیرمین ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کی صدارت میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب کا موضوع تھا ’’ خواتین کے حقوق اورخواتین کے خلاف تشدد‘‘ اس موقعہ پر ماہرین اورقانونی ماہرین نے خواتین کے حقوق پر روشنی ڈالی ۔چیرمین ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی اننت ناگ سید توقیر احمد نے کہا کہ اسلام اوردیگر مذاہب نے خواتین کو خصوصی درجہ دیا ہے اورانہیں تعلیم دینے اوربااختیار بنانے پر زودیا ہے۔انہوںنے کہا کہ سماج اورقوم خواتین کو مساوی حقوق دینے سے ہی ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں