معروف براڈکاسٹر عبدالاحد فرہاد اور پلوامہ کے بزرگ شاعر محمد یوسف مسبوق کا انتقال 0

معروف براڈکاسٹر عبدالاحد فرہاد اور پلوامہ کے بزرگ شاعر محمد یوسف مسبوق کا انتقال

کلچرل اکیڈمی کے سینئر آفیسر کا والد رحمت حق،ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کا اظہار تعزیت

پلوامہ/ندائے کشمیر /تنہا ایاز/

پلوامہ ضلع سے تعلق رکھنے والے کشمیری زبان کے شاعر محمد یوسف مسبوق اور وادی کشمیر کے نامور براڈ کاسٹر و قلمکار عبد الاحد فرہاد کے انتقال پر پلوامہ کی معروف ادبی و ثقافتی تنظیم ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی نے سخت صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ تنظیم نے کلچرل اکیڈمی کے سینئر آفیسر ڈاکٹر شبنم رفیق کے والد عبدالاحد خان کے انتقال پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق وادی کشمیر کے نامور براڈ کاسٹر ،شاعر ،ادیب اور قلمکار عبدالاحد فرہاد جموں میں انتقال کرگئے۔ان کے انتقال پر ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کا انتقال کشمیری زبان کے لیے ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ نے کہا کہ مرحوم کے انتقال سے کشمیری زبان کو بڑا نقصان پہنچا ہے اور اس خلا کو پرکرنا نہایت ہی مشکل ہے۔تنظیم کے جنرل سیکرٹری غلام محمد دلشاد نے معروف براڈ کاسٹر اور قلمکار کے انتقال پر گہرئے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعاء کی ہے۔ادھر گڈورہ پلوامہ علاقے سے تعلق رکھنے والے کشمیری زبان کے معروف بزرگ شاعر محمد یوسف مسبوق گزشتہ دنوں انتقال کر گئے ۔وہ ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ دیرینہ رکن تھے۔اس دوران ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کا ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تنظیم کے صدر شمس سلیم نے مرحوم محمد یوسف مسبوق کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔بعد میں ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی کا ایک وفد صدر شمس سلیم کی صدارت میں مرحوم کے گھر گڈورہ گیا اور وہاں لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کر کے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ دلشاد نے گڈورہ علاقے کے شاعر مسبوق کے انتقال پر سخت صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نہایت ہی شریف النفس انسان تھے اور ان کے انتقال سے کشمیری زبان کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔انہوں نے مرحوم کی ادبی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ علیل ہونے کے باوجود بھی وہ ادبی تقریبات میں شرکت کرتے تھے۔ غلام محمد دلشاد نے کلچرل اکیڈمی کے سینئر آفیسر ڈاکٹر شبنم رفیق کے والد محترم عبد الاحد خان کے انتقال پر بھی زبردست دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے مرحوم کے گھر جا کر غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ایک تعزیتی پیغام میں ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کے سبھی ممبران نے ڈاکٹر شبنم رفیق کے والد محترم کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ صدر شمس سلیم،نائب صدر غلام محمد جنگلناری اور جنرل سیکرٹری غلام محمد دلشاد نے تنظیم کے سبھی ممبران کی طرف سے ڈاکٹر شبنم رفیق اور دیگر لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ادھر نوو ادبی کاروان کے سرپرست اعلیٰ عبدالرحمان فدا نے وادی کے ممتاز اور کہنہ مشق شاعر ادیب نقاد اور معروف براڈکاسٹر عبدالاحد فرہاد کے انتقال پر زبردست رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں