ترقیاتی کام متاثر، عوامی مسائل حل نہ ہونے پر ضلع انتظامیہ کپواڑہ سے فوری مداخلت کی اپیل
کلاروس، کپواڑہ: بلاک آفس کلاروس میں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (BDO) کی کرسی کئی دنوں سے خالی ہے، جس سے یہاں کے عوام کو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں اور عوامی شکایات کا ازالہ ممکن نہیں ہو پا رہا، جس کے باعث عوام میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔
کلاروس کے مختلف علاقوں، بشمول چھوٹے دیہاتوں کے رہائشیوں نے ضلع انتظامیہ کپواڑہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کی تقرری عمل میں لائی جائے۔ عوام کا کہنا ہے کہ BDO کی غیر موجودگی کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے تعطل کا شکار ہیں اور بنیادی مسائل، جیسے پانی، بجلی اور سڑکوں کی مرمت، حل نہیں ہو پا رہے۔
عوام نے سوال اٹھایا ہے کہ انہیں کب انصاف ملے گا اور ان کے مسائل کو کب سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ ضلع انتظامیہ کپواڑہ سے مداخلت کی فوری اپیل کرتے ہوئے عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔