ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے کیلئے رجسٹریشن شروع
پلوامہ/ تنہا ایاز/
محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ،جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر پولیس اور فوج بھی کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنے میں پیش پیش ہے ۔نوجوانوں کو منشیات اور غلط کاموں سے دور رکھنے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس پلوامہ کی جانب سے پولیس شہداء کی یاد میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہورہا ہے جس کے لئے کوئی فیس نہیں ہے ۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس پلوامہ کی جانب سے سپورٹس سٹیڈیم پلوامہ میں بہت جلد مفت T20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام ہو رہا ہے۔یہ ٹورنامنٹ ناک آؤٹ بنیاد پر کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے حوالے سے پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے کے لیے رجسٹریشن شروع ہو چکی ہے کرکٹ ٹیمیں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پلوامہ سے فارم حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ان جانباز شہید پولیس اہلکاروں کی یاد میں کھیلا جا رہا ہے جنہوں نے ملک کی حفاظت اور امن برقرار رکھنے کے لیے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو غلط کاموں اور منشیات کی وبا سے دور رکھنا ہے۔نمائندے کے مطابق فائنل جیتنے والی ٹیم کو ایک لاکھ اور رنرزاپ ٹیم کو 50 ہزار روپیہ انعام دیا جائے گا۔ہرمیچ کے بہترین کھلاڑی کو ایک ہزار روپے انعام دیا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کو 20 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ادھر ضلع پلوامہ کے سماجی کارکن اور نیشنل یوتھ پیس فاؤنڈیشن کے سربراہ مصدق ریاض نے پولیس کی اس قدم کی سرہانہ کرتے ہوئے ہوئی کہا کہ اس طرح کے مفت ٹورنامنٹ منعقد کرنے سے نہ صرف کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم مہیا ہوگا بلکہ کھلاڑیوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا بھی موقع ملے گا۔