116

محبوبہ مفتی کا بی جے پی پر پلٹ وار

عصمت دری کرنے والوں کے حق میں ترنگا ریلی نکال کر بھاجپا نے کی ترنگے کی توہین:محبوبہ مفتی

سرینگر؍24، اکتوبر ؍ ؍ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی ) پر پلٹ وار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈران نے جھنڈے کی اس دن توہین کی تھی، جب انہوں نے 9 سالہ بچی کی عصت دری کرنے والوں کے حق میں ترنگا ریلی نکالی ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق پی ڈی پی صدر اورجموں وکشمیر کی سابق خاتون وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ’ میں نے ترنگے کی توہین نہیں کی ہے بلکہ اس کی توہین بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈران نے اس دن کی تھی جب انہوں نے کٹھوعہ میں ایک9 سالہ بچی کی عصمت دری کرنے والوں کے حق میں اس ترنگے کو لہرایا تھا۔محبو بہ مفتی کا یہ ردِ عمل بھاجپا کے اُن ریمارکس پر سامنے آیا جس میں بھاجپا کے لیڈران نے کہا کہ محبوبہ مفتی نے جمعہ کو پریس کانفرنس کے دوران ترنگا کی توہین کی ۔محبوبہ مفتی نے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ’جھنڈا تنوع اور پرامن بقائے باہمی کا مظہر ہوتا ہے۔ اگر کسی نے ترنگے کی توہین کی ہے تو وہ بی جے پی ہے جو اقلیتی فرقوں کو دبا رہی ہے اور نفرت کے بیج بو رہی ہے‘۔انہوں نے مزید کہا’ بی جے پی لیڈروں نے جھنڈے کی اس دن توہین کی تھی جب انہوں نے 9 سالہ بچی کی عصت دری کرنے والوں کے حق میں اس کو لہرایا تھا‘۔واضح رہے کہ پی جے پی کے جموں و کشمیر یونٹ نے محبوبہ مفتی کے اس بیان کہ میں تب تک کوئی جھنڈا نہیں اٹھاؤں گی جب تک جموں وکشمیر کا جھنڈا واپس نہیں ملے گا، کو توہین سے تعبیر کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں